صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 اگست کی شام 5 بجے ہوگا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 اگست کی شام 5 بجے ہوگا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اور قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی 30 اگست کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے 2 ستمبر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 اگست بروز جمعہ شام 5 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس 2 ستمبر بروز پیر سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔

قومی اسمبلی کا 2 ستمبر سے شروع ہونے والا اجلاس معمول کا اجلاس ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: نئے پاکستان کا پہلا سال اور متنازع بیانات

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا پہلا پارلیمانی سال 12 اگست کو مکمل ہوا تھا۔

29 جولائی کو ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سرکاری و نجی اراکین کے 50 سے زائد بل ایوان کی قائمہ کمیٹیوں میں زیر التوا ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ کے تنازع کے باعث اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ موجودہ اسمبلی نے اپنے پہلے پارلیمانی سال کے دوران کُل 120 روز اجلاس منعقد کیا، حالانکہ رولز کے مطابق ایوان زیریں کا سال میں 130 روز اجلاس ہونا ضروری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں