موسیقی کے لیجنڈ خیام کا 92 برس کی عمر میں انتقال

اپ ڈیٹ 21 اگست 2019
ان کا اصل نام محمد ظہور خیام ہاشمی تھا —فوٹو/ اے ایف پی
ان کا اصل نام محمد ظہور خیام ہاشمی تھا —فوٹو/ اے ایف پی

نئی دہلی: لیجنڈری میوزک کمپوزر خیام کا ممبئی میں 92 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق انہیں چند روز قبل خرابیِ صحت کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ان کا اصل نام محمد ظہور خیام ہاشمی تھا، تاہم میوزک کی دنیا میں وہ خیام کے نام سے پہچانے جاتے تھے۔

ان کا تعلق ایک ایسے مسلمان پنجابی خاندان سے تھا جہاں موسیقی کو ممنوع سمجھا جاتا تھا۔

خیام نے موسیقی کی تعلیم معروف موسیقار بابا چشتی سے لاہور میں حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: ساحر لدھیانوی: تلخیاں سمیٹتا شاعر

انہوں نے موسیقی میں اپنے کیریئر کا آغاز 17 سال کی عمر میں کیا، جبکہ فلمی زندگی کا آغاز 1953میں فلم 'فٹ پاتھ' سے کیا۔

انہیں 1981 کی کامیاب فلم 'امراؤ جان ادا' کی موسیقی کے لیے بھارتی نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

انہوں نے 'امراؤ جان ادا' کے علاوہ 'آخری خط'، 'کبھی کبھی'، 'دل ناداں'، 'درد' اور 'رضیہ سلطانہ' کی موسیقی بھی دی۔

ان کی اہلیہ جگجیت کور بھی پیشے سے گلوکارہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں