یہ مشروب ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچانے کے لیے انتہائی مفید

22 اگست 2019
انار کا جوس دل کے لیے بہت فائدہ مند ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
انار کا جوس دل کے لیے بہت فائدہ مند ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

'ایک انار سو بیمار' کا محاورہ تو آپ نے سنا ہی ہوگا، لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس پھل کو کھائے بغیر بھی یعنی اس کا جوس پی کر آپ کس حد تک اپنی صحت کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں؟

حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے پسندیدہ پھلوں میں انار بھی شامل تھا جس کا ذکر احادیث میں بھی ہوا ہے۔

درحقیقت روزانہ اس کی کچھ مقدار پینا آپ کو ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے جان لیوا امراض سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔

یہ دعویٰ کچھ عرصے قبل ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا تھا۔

طبی جریدے جرنل Atherosclerosis میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ انار کے جوس کا ایک سال تک استعمال خون کی شریانوں میں چربی جمنے اور دیگر مواد کے اجتماع سے ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ 30 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

ایک اور طبی جریدے کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ایک الگ تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک سال تک انار کے جوس کا استعمال مریضوں کی شریانوں میں جمع ہونے والے پلاک کو ریورس کرنے میں مدد دے سکتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

یہ بات پہلے ہی ثابت ہوچکی ہے کہ انار ورم کش پھل ہے جس کا استعمال امراض قلب، کینسر، ذیابیطس ٹائپ ٹو، الزائمر امراض اور موٹاپے سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔

ذیابیطس کے مریضوں پر ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ روزانہ ایک کپ یا ڈھائی سو ملی لیٹر انار کا جوس پینا جسم میں ورم کا باعث بننے والے عناصر کی سطح 32 فیصد تک کم کرتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں

ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ 2 ہفتے تک روزانہ 150 ملی لیٹر انار کے جوس کا استعمال بلڈ پریشر کو نمایاں حد تک کم کرتا ہے اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہائی بلڈ پریشر ہارٹ اٹیک اور فالج کا باعث بننے والی چند اہم ترین وجوہات میں سے ایک ہے۔

2015 کی اسرائیل کے ٹیکینو انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی کی تحقیق کے مطابق روزانہ انار کے جوس اور 3 کھجوروں کا استعمال دل کے امراض اور فالج سے بچاﺅ کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق میں تو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کھجور کی گھٹلیاں کو پیس کر پیسٹ بناکر استعمال کرنا بھی اس حوالے سے بھی فائدہ مند ہوتا ہے تاہم اوپر دیئے گئے دونوں چیزوں کا امتزاج بھی کافی ثابت ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ انار اور کھجوریں اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو دل کی شریانوں کے سخت ہونے اور سکڑنے کا خطرہ ایک تہائی یا 33 فیصد تک کم کردیتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں