اسلام آباد میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق

اپ ڈیٹ 22 اگست 2019
فائرنگ سے ایک اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا—فوٹو:شکیل قرار
فائرنگ سے ایک اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا—فوٹو:شکیل قرار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سبزی منڈی کے قریب ناکے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد سبزی منڈی کے ناکے پر 3 جوان معمول کی ڈیوٹی پر تھے کہ تلاشی کے دوران نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک جوان ثقلین موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے اہلکار خرم تنولی کو زخمی حالت میں ہسپتال منقتل کیا گیا تھا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔

واقعے میں اسلام آباد پولیس کا اہلکار جہانزیب زخمی ہوا لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

ادھر آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا اور ان کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے تفتیش کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

پولیس اہلکاروں کے قتل کی تفتیش کے لیے ایک ٹیم ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی نگرانی میں تشکیل دی گئی جبکہ دوسری ٹیم ایس پی انویسٹی گیشنز کی نگرانی میں تفتیش کرے گی اور دونوں روزانہ کی بنیاد پر تفتیش میں پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ آئی جی کو پیش کریں گی۔

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا، جس کے بعد وہ پمز ہسپتال پہنچے جہاں زخمی اہلکار کی عیادت کی اور انتظامیہ سے ان کے علاج معالجے کے بہترین انتظامات کرنے کے لیے کہا۔

آئی جی نے تفتیشی ٹیموں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکار ثقلین کی عمر 35 سال تھی اور ان کے 3 بچے ہیں جبکہ دوسرے اہلکار خرم تنولی کی عمر 34 سال تھی اور ان کی 2 جڑواں بیٹیاں ہیں، جن کی عمر 2 سال ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں