بچے کو دودھ پلاتے ہوئے اسپیکر نیوزی لینڈ اسمبلی کی کارروائی

22 اگست 2019
تریور ملارد نے بچے کو سنبھالتے ہوئے اجلاس کی کارروائی بھی چلائی—اسکرین شاٹ
تریور ملارد نے بچے کو سنبھالتے ہوئے اجلاس کی کارروائی بھی چلائی—اسکرین شاٹ

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہاں گزشتہ برس جون میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری وزیر اعظم تھیں، جنہوں نے وزارت عظمیٰ پر براجمان رہتے ہوئے بچی کو جنم دیا تھا۔

اپنے ہاں جون 2018 میں بیٹی کی پیدائش کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کم سن بچی کے ساتھ جہاں اپنے ملک کی اسمبلی میں دکھائی دیں، وہیں وہ اپنی بچی کو عالمی دوروں پر ساتھ لے جاتی دکھائی دیں۔

جیسنڈا آرڈرن اپنی بچی کے ساتھ اسمبلی میں شرکت کرنے سمیت بیرون ممالک کا سفر کرتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
جیسنڈا آرڈرن اپنی بچی کے ساتھ اسمبلی میں شرکت کرنے سمیت بیرون ممالک کا سفر کرتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اسی طرح جیسنڈا آرڈن اپنی بچی کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھی ساتھ لے گئی تھیں اور یوں ان کی بچی دنیا کی وہ پہلی بچی بنی تھیں جو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک ہوئی تھیں۔

جیسنڈا آرڈرن کے بعد ان کے ہی ملک کے پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اجلاس کے دوران دوسرے رکن کے بچے کو دودھ پلاتے ہوئے اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی چلا کر نئی تاریخ رقم کردی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نیوزی لینڈ اسمبلی کے اسپیکر تریور ملارد نے رکن اسمبلی کے ایک ماہ کے بچوں کو دوران اجلاس دودھ پلا کر نئی تاریخ رقم کردی۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بچی سمیت اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کی تھی—فوٹو: ٹوئٹر
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بچی سمیت اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

تریور ملارد نے رکن اسمبلی تماتی کافی کے ایک ماہ کے بچے کو اس وقت گود میں لے کر اسے فیڈر کے ذریعے دودھ پلایا جب بچے کے والد اسمبلی میں بحث کے دوران اپنی تقریر کرنے لگے۔

والد کی جانب سے اسمبلی میں تقریر کے دوران اٹھتے وقت اسپیکر نے انہیں بچہ ان کے حوالے کرنے کی پیش کش کی جو رکن اسمبلی نے مان لی۔

تریور ملارد رکن اسمبلی کے بچے کے ساتھ کھیلتے بھی دکھائی دیے—فوٹو: ٹوئٹر
تریور ملارد رکن اسمبلی کے بچے کے ساتھ کھیلتے بھی دکھائی دیے—فوٹو: ٹوئٹر

اسپیکر نے رکن اسمبلی کے بچے کو گود میں لے کر اسے فیڈر کے ذریعے نہ صرف دودھ پلایا بلکہ ان کے ساتھ پیار بھی کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب اسپیکر بچے کو دودھ پلا رہے تھے وہ اس وقت ایوان کی کارروائی بھی چلا رہے تھے اور تقریر کرنے والے بچے کے والد سمیت دیگر ارکان سے مخاطب بھی ہو رہے تھے۔

اسپیکر اسمبلی بچے کو دودھ بھی پلاتے دکھائی دیے—فوٹو: ٹوئٹر
اسپیکر اسمبلی بچے کو دودھ بھی پلاتے دکھائی دیے—فوٹو: ٹوئٹر

اسمبلی اجلاس کی کارروائی کے دوران بچے کو دودھ پلانے کی اسپیکر کی تصاویر کو نیوزی لینڈ اسمبلی کے کئی ارکان اسمبلی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔

نیوزی لینڈ کے اسپیکر کی بچے کو دودھ پلانے والی تصاویر دنیا کے دیگر ارکان اسمبلیز نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور مطالبہ کیا کہ ان کے ممالک کے اسمبلیز کا ماحول بھی ایسا ہی بنایا جائے۔

نیوزی لینڈ کی ارکان اسمبلی ولو جین پرائم اور کری الن نرس 2017 میں اپنے بچوں کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہیں—فوٹو: ٹی وی نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ کی ارکان اسمبلی ولو جین پرائم اور کری الن نرس 2017 میں اپنے بچوں کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہیں—فوٹو: ٹی وی نیوزی لینڈ

یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ اسپیکر تریور ملارد نے اسمبلی میں کسی رکن کے بچے کو اپنی گود میں بٹھایا ہو، اس سے قبل انہوں نے 2017 میں بھی ایسا ہی کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

2017 میں تریور ملارد نے خاتون رکن اسمبلی ولو جین پرائم کی تین ماہ کی بیٹی کو بھی سنبھالا تھا۔

ساتھی رکن اسمبلی کی بیٹی کو سنبھالنے پر بھی تریور ملارد کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں اور دنیا بھر میں ان کی تعریفیں کی گئی تھیں۔

2 سال قبل بھی اسپیکر نے رکن اسمبلی ولو جین پرائم کی بیٹی کو سنبھالا تھا—فوٹو: نیوز حب
2 سال قبل بھی اسپیکر نے رکن اسمبلی ولو جین پرائم کی بیٹی کو سنبھالا تھا—فوٹو: نیوز حب

تبصرے (0) بند ہیں