آئی فون 11 کی تمام تر تفصیلات لیک ہوگئیں

22 اگست 2019
آئی فون 11 پرو کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ نائن ٹو فائیو میک
آئی فون 11 پرو کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ نائن ٹو فائیو میک

ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز 10 ستمبر کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس کے بارے میں لیکس آئی او ایس 13 بیٹا سافٹ وئیر میں چھپے ایک کوڈ کے بعد سامنے آئیں۔

تاہم آئی فون 11 سیریز کے بارے میں اکثر تفصیلات پہلے ہی سامنے آچکی ہیں اور جو تھوڑی بہت باقی رہ گئی تھیں وہ بلومبرگ کی ایک نئی رپورٹ میں بیان کردی گئی ہیں۔

ایپل کی جانب سے 3 نئے آئی فونز کے ساتھ آئی پیڈز، 16 انچ میک بک پرو، ایپل واچ، ائیرپوڈ اور ہوم پوڈ بھی پیش کیے جائیں گے۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 11 پرو، آئی فون 11 پرو میکس اور آئی فون 11 گزشتہ سال کے ماڈلز آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس اور ایکس آر کی جگہ لیں گے۔

اس بارے آئی فونز میں سب سے اہم اضافہ کیمرا سسٹم ہوگا یعنی پرو فونز میں 3 بیک کیمرے دیئے جائیں گے جبکہ آئی فون 11 میں بیک پر 2 کیمرے ہوں گے۔

پرو ماڈلز میں تیسرا کیمرا الٹرا وائیڈ اینگل تصاویر اور ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے استعمال ہوگا اور رپورٹ کے مطابق یہ کیمرے 3 تصاویر بیک وقت کھینچ کر نئے اے آئی سافٹ وئیر کو استعمال کرتے ہوئے خودکار طور پر ان کو ایک بنادیں گے جبکہ کم روشنی میں تصاویر کو بھی پہلے سے بہتر بنایا جائے گا۔

نئے کیمرا سسٹم میں ویڈیو ریکارڈنگ کو نمایاں حد تک اپ گریڈ کیا گیا ہے اور یہ پروفیشنل ویڈیو کیمروں جیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے گا۔

نئے آئی فونز میں اے 13 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ ڈسپلے میں موجود نوچ میں ملٹی اینگل فیس آئی ڈی سسٹم ہوگا جو زیادہ تیزی سے فون ان لاک کرسکے گا چاہے فون کسی سپاٹ سطح پر ہی کیوں نہ رکھا ہو۔

ایک اور اچھا فیچر شیٹر ریزیزٹنس ٹیکنالوجی ہے جو ان فونز کو حادثاتی طور پر گرنے پر تھفظ فراہم کرے گی جبکہ واٹر ریزیزٹنس صلاحیت کو بھی بہتر بنایا جائے گا، جس کی بدولت یہ ڈیوائسز 30 منٹ سے زائد وقت تک پانی میں گر کر محفوظ رہ سکیں گی۔

آئی فون میں پہلی بار ریورس وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی بھی دی جارہی ہے جو کہ سب سے پہلے گزشتہ سال ہواوے میٹ 20 پرو میں متعارف کرائی گئی تھی جبکہ سام سنگ کے فلیگ شپ فونز میں بھی موجود ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی بدولت آئی فون 11 ماڈلز سے دیگر ڈیوائسز کو وائرلیس چارج کرنا ممکن ہوگا۔

آئی فون پرو ماڈلز میں او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا جبکہ آئی فون 11 میں ایل سی ڈی اسکرین ہوگی، جبکہ تینوں فونز میں تھری ڈی ٹچ سپورٹ نہیں دی جائے گی، اس کی جگہ ہیپٹک ٹچ ٹیکنالوجی دی جائے گی۔

اور ہاں اس سال کے آئی فونز میں فائیو جی سپورٹ نہیں دی جارہی بلکہ وہ 2020 کے فونز میں دی جائے گی۔

ان فونز کی قیمتیں گزشتہ سال والے ماڈلز ہی رکھے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں