پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، انڈیکس میں 912 پوائنٹس کا اضافہ

22 اگست 2019
مارکیٹ کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا اور اختتام تک یہی رجحان جاری رہا—فائل فوٹو: اے ایف پی
مارکیٹ کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا اور اختتام تک یہی رجحان جاری رہا—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 912 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 2.9 فیصد کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں 'پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر ہوسکتا ہے' کی افواہوں کی گردش کے بعد دن بھر کاروباری رجحان بہتر رہا اور انڈیکس میں تیزی کے بعد یہ 31 ہزار 884 پوائنٹس پر بند ہوا۔

جمعرات کو مارکیٹ کا آغاز مثبت انداز میں 30 ہزار 973 پوائنٹس پر ہوا اور اس کے اختتام تک یہ تیزی کا رجحان جاری رہا، دوران ٹریڈنگ انڈیکس 31 ہزار 913 کی حد تک کو بھی چھوتا ہوا دکھائی دیا۔

مزید پڑھیں: کے ایس ای انڈیکس مسلسل گراوٹ کے بعد 3 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

مارکیٹ میں انڈیکس کمپنیوں کے 17 کروڑ 60 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا اور حصص کی مارکیٹ ویلیو 6 ارب 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔

اس حوالے سے جے ایس گلوبل کی رپورٹ کےمطابق 'پاکستان کے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کےامکانات سے متعلق گردش کردہ افواہوں کا مقامی مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا اور یہ مثبت رجحان کے ساتھ بند ہوگئی'۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 'مارکیٹ کا جکھاؤ آئل ایکسپلوریشن اینڈ پرڈکشن (ای اینڈ پی)، سیمنٹ اور فرٹیلائزر کے شعبوں میں دیکھا گیا، جس کے باعث ای اینڈ پی کمپنیوں، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنیوں (او جی ڈی سی) کے حصص کی مالیت میں 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا'۔

اسی طرح امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں کمی کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے حصص میں 4.3 فیصد اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) کے شیئرز مالیت میں 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

'سیمنٹ کے شعبوں میں فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایف سی سی ایل) کے شیئرز کی قیمت میں 7 فیصد، میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ (ایم ایل سی ایف) میں 5.2 فیصد، پائینئر سیمنٹ لمیٹڈ (پی آئی او سی) میں 5.1 فیصد، ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ڈی جی جے سی) میں 5 فیصد اور چھیراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (سی ایچ سی سی) میں 5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا'۔

یہ بھی پڑھیں: خطے میں بڑھتی کشیدگی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 485 پوائنٹس کی کمی

بینکوں کی بات کریں تو یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے حصص کی قیمت میں 2.3 فیصد، بینک الفلاح لمیٹڈ (بی اے ایل ایل) میں 5 فیصد اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے حصص کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کل مارکیٹ حجم میں اہم شراکت داری ورلڈکال ٹیلی کام لمیٹڈ (ڈبلیو ٹی ایل) کی 27 فیصد، کے الیکٹرک لمیٹڈ (کے ایل ایل) 13 فیصد، بینک آف پنجاب (بی او پی) 9 فیصد اور یونائیٹڈ فوڈز لمیٹڈ (یونیٹی) 2 فیصد رہی۔

علاوہ ازیں مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان رہے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں