آپ نے ایلو ویرا (کوار گندل) کے بارے میں سنا تو ہوگا مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کس طرح اور کس حد تک فائدہ مند ہوتا ہے؟

درحقیقت کاسمیٹک، فوڈ اور فارماسیوٹیکل انڈسٹریز قدرت کے اس عجوبے پر انحصار کرتی ہیں جو ہزاروں برسوں سے انسان استعمال کررہے ہیں۔

قدیم یونان، مصر، ہندوستان، میکسیکو، جاپان اور چین وغیرہ میں اس کا طبی استعمال صدیوں سے ہورہا ہے اور اسے متعدد امراض سے نجات کا نسخہ سمجھا جاتا ہے۔

موجودہ عہد میں یہ افریقہ، ایشیا، یورپ اور امریکا میں اگتا ہے اور ہر سال کروڑون افراد اسے مختلف مقاصد کے لیے مختلف شکلوں جیسے جیل، جوس اور کیپسول وغیرہ میں استعمال کرتے ہیں۔

تو اس میں ایسا کیا خاص ہے ؟ تو اس کا جواب اس میں چھپنے اینٹی آکسائیڈنٹس اور جراثیم کش خصوصیات میں چھپا ہے، اس پودے کے پتے 3 تہوں پر مشتمل ہوتی ہیں اور ہر تہہ کا اپنا فنکشن اور استعمال ہے۔

ایلوویرا وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں وٹامن اے، سی، ای، بی 1، بی 2، بی 3 اور بی 12؛ پروٹین، لپڈز، امائینو ایسڈز، فولک ایسڈ اور کیلشیئم، میگنیشیئم، زنک، کرومیئم، سیلینیئم، سوڈیئم، آئرن، پوٹاشیئم، کاپر اور مینگنیز جیسے منرلز شامل ہوتے ہیں جو ہماری صحت بہتر رکھنے کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں اور ان کی کمی سے مختلف اقسام کی بیماریاں ابھر آتی ہیں۔

اس کے فوائد درج ذیل ہیں۔

جسمانی مدافعت بڑھائے

ایلو ویرا کا ایک بہت بڑا فائدہ جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بنانا ہے جس کی وجہ اس میں امینو ایسڈز، وٹامن اور منرلز کی موجودگی ہے، مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق ایلو ویرا پر مشتمل اشیا خون کے سفید خلیات کو بڑھانے میں موثر ثابت ہوتی ہیں، یہ سفید خلیات جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور امراض کے خلاف لڑتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے سوفیصد خالص ایلو ویرا جوس کا استعمال بہترین طریقہ کار ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

طبی سائنس کے مطابق ایلو ویرا جسمانی وزن میں کمی کے لیے 2 وجوہات کے باعث بہت اہم ہے، ایلو ویرا سے جسمانی ورم جو جسمانی وزن میں اضافے اور میٹابولزم مسائل کا باعث ہوتا ہے، ایلو ویرا اس کے خلاف ورم کش اثر کرتا ہے، دوسرا ایلو ویرا میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو قبض کشا ہوتے ہیں، جس سے زہریلا مواد جسمانی نظام سے خارج ہوجاتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوجاتا ہے، تاہم حاملہ خواتین کو ایلو ویرا کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

جھریاں دور کرے

ایلو ویرا میں پانی کی موجودگی اسے جلد کے لیے بہترین موئسچرائزر بناتا ہے، اس سے جسم میں کولیگن کی سطح بھی بڑھتی ہے جو جلد کی صحت کے لیے ضروری ہوتا ہے جو جلد کی لچک کو برقرار رکھتا ہے اور جھریاں گھٹتی ہیں۔ ایلو ویرا سپلیمنٹ کے استعمال سے 3 ماہ میں جلد پر عمر کے اثرات کو نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

کیل مہاسوں کی روک تھام

کیل مہاسوں کا مسئلہ بہت عام ہوچکا ہے جس کی وجہ کیمیکل سے بنی مصنوعات کا استعمال ہوتا ہے، ایلو ویرا جیل کا استعمال ٹھنڈک اور سکون پہنچاتا ہے جبکہ مساموں میں موجود بیکٹریا کا خاتمہ کرکے جلد کو ٹھیک کرتا ہے۔

منہ کے چھالوں سے نجات

ایلو ویرا جیل منہ کے چھالوں یا زخموں کو ٹھیک کرنے کا عمل تیز کردیتا ہے جبکہ درد میں بھی کمی لاتا ہے۔ ایک صاف چمچ کے ذریعے اس جیل کی کچھ مقدار براہ راست متاثرہ حصے پر لگائیں اور ضرورت پڑنے پر اس عمل کو دہرائیں۔

گنج پن سے بچانے میں بھی مددگار

اگر تو آپ پریشان ہیں کہ کس طرح گرتے بالوں کو روکیں تو ایلو ویرا اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے، ایلو ویرا سر کی سطح کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام کرکے ہیئر سیلز کے لیے ایسا صحت مند ماحول تیار کرتا ہے کہ بالوں کی نشوونما بہتر ہوجاتی ہے۔ ایلو ویرا ایک جز سیبم کی صفائی بھی کرتا ہے جو بالوں کی جڑوں کو روک کر بالوں کو اگنے سے روکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایلو ویرا کے خالص جیل کی مالش اپنے سر پر کریں۔

معدے کی گرمی دور کرے

ایلو ویرا جیل جلاب جیسی خصوصیات رکھتا ہے جو نہ صرف آنتوں میں پانی کی مقدار بڑھاتا ہے بلکہ فضلے کی حرکت کو بھی آسان کرتا ہے۔ معدے کی جلن پر قابو پانے کے لیے آدھا کپ ایلو ویرا جیل کھانے سے پہلے پی لیں۔ اسے معدے میں جلن یا تیزابیت کی شکایت پر ضرورت پڑنے پر پی لیں۔

بالوں کی خشکی سے نجات

خشک جلد سر میں خارش کی بڑی وجہ ہوتی ہے اور ایلو ویرا قدرتی موئسچرائزر سمجھا جاتا ہے جبکہ اس میں جراثیم کش اور سکون پہنچانے والی خصوصیات بھی موجود ہیں۔ اس جیل کو سر پر لگائیں اور 20 منٹ بعد سر کو گرم پانی سے دھولیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں