ورلڈ بینک کے صدر نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے

23 اگست 2019
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے مشیر خزانہ سے ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے صدر کی پاکستان آمد کے حوالے سے آگاہ کیا — فائل فوٹو/اے ایف پی
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے مشیر خزانہ سے ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے صدر کی پاکستان آمد کے حوالے سے آگاہ کیا — فائل فوٹو/اے ایف پی

اسلام آباد: عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس ادارہ جاتی اصلاحات اور نمو کے ایجنڈے اور مالیاتی تعاون کو حتمی شکل دینے کے لیے نومبر کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو ایلن گوان جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشیر خزانہ سے ملاقات کی اور انہیں ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس کے نومبر کے پہلے ہفتہ میں ممکنہ دورہ پاکستان سے آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'وفد نے عالمی بینک کی انتظامیہ کی پاکستان کے ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات اور گروتھ ایجنڈا میں تکنیکی یا مالی تعاون فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے'۔

مزید پڑھیں: بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ: '3 کروڑ غریب افراد' بہتر زندگی گزار سکیں گے، ورلڈ بینک

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور اقتصادی بحالی کے لیے پاکستان گروتھ پر مبنی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو ایلن گوان سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں مختلف اہداف کے حصول کے لیے ورلڈ بینک کا مالی تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ادارہ جاتی اصلاحات کی مہم اور حکومت کے گروتھ ایجنڈا کے ساتھ تعاون کیلئے مل کر کام کرنے کی ورلڈ بینک کی انتظامیہ کے بھرپور عزم سے متعلق پیغام پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک اس سلسلہ میں درکار تکنیکی یا مالیاتی معاونت فراہم کرے گا۔

پیچاموتھو ایلن گوان نے مشیر خزانہ کو بتایا کہ ورلڈ بینک پالیسی کے خدوخال اور معروضی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی مالیاتی انتظام پر کام کر سکتا ہے کیونکہ بینک معیشت کے مختلف شعبوں میں حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ادارہ جاتی اصلاحات کا بہت حامی ہے۔

انہوں نے مشیر خزانہ کو وزارت خزانہ کے ساتھ دوطرفہ پالیسی پر ہونے والے جاری بات چیت سے آگاہ کیا جو پاکستان کے بجٹ میں تعاون کی فراہمی کیلئے قرضوں کے آپریشنز سے متعلق ہیں اور دسمبر 2019 میں اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے منصوبوں کی منسوخی کیلئے رابطہ نہیں کیا، ورلڈ بینک

علاوہ ازیں ورلڈ بینک کے 9 ارب ڈالر کے جاری حجم سے متعلق امور کے ساتھ ساتھ پاکستان کے وفد کی اکتوبر 2019 کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کے گروپوں کے ساتھ ہونے والے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کی یقین دہانیوں سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ورلڈ بینک کے صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کا یہ دورہ ورلڈ بینک اور پاکستان کے درمیان مزید تعمیری مصروفیات کے لیے بڑے مواقع کھولنے کا موقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ عالمی بینک کے صدر کے دورے کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کے امریکا کے دورے کے دوران عالمی بینک کے صدر سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں