غیر ملکی خاتون سیاح کے 'ریپ' کی کوشش، اے این ایف اہلکار گرفتار

23 اگست 2019
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد کانسٹیبل کو حراست میں لے لیا —تصویر:شٹراسٹاک
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد کانسٹیبل کو حراست میں لے لیا —تصویر:شٹراسٹاک

گلگت بلتستان پولیس نے جنوبی کوریا سے آئی ہوئی خاتون سیاح کے مبینہ ریپ کی کوشش پر انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کے کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ 26 سالہ کورین سیاح سوجی ہئیون نے ضلع ہنزہ کے سوست پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔

اپنی درخواست میں خاتون سیاح نے بتایا کہ ملزم نے انہیں پیشکش کی تھی کہ اگر وہ ان کے ساتھ چلیں تو وہ انہیں علاقے کی سیر کروائے گا۔

اس پیشکش پر خاتون ان کے ساتھ چلی گئیں اور ملزم نے سیر کے ساتھ اپنے کتے بھی خاتون کو دکھائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سیاحت میں 300 گنا اضافہ

سیاح کا مزید کہنا تھا کہ جب انہوں نے مذکورہ شخص کو کہا کہ اب وہ اپنے دوست کے پاس واپس جانا چاہتی ہیں تو ملزم نے انہیں زبردستی ایک کمرے میں دھکا دے دیا اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے لگا جس پر خاتون نے مزاحمت کی اور مدد کے لیے لوگوں کا پکارا۔

خاتون نے بتایا کہ ان کی آواز سن کر آس پاس موجود کسی فرد نے دروازہ کھول دیا اور وہ وہاں سے بھاگ نکلیں۔

دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا کہ ضلع مردان کے رہائشی اے این ایف اہلکار عبدالقیوم کی سوست میں غیر ملکی خاتون سے ملاقات ہوئی تھی۔

جہاں اس نے خاتون کو اپنے پالتو کتے دکھانے کی پیشکش کی اور انہیں سوست میں ہی قائم اے این ایف کے دفتر لے جا کر ریپ کرنے کی کوشش کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی سیاحت کے شعبے میں ترقی

ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کر نے کے بعد کانسٹیبل کو حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں موجود جنوبی کوریا کے سفیر نے وزارت داخلہ سے رابطہ کر کے اے این ایف اہلکار کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے لیے ملزم کو عدالت میں پیش کرکے اس کا جسمانی ریمانٖڈ حاصل کیا جائے گا۔


یہ خبر 23 اگست 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں