لیری کنگ ساتویں بیوی کو طلاق دینے کو تیار

دونوں نے 1997 میں شادی کی تھی —فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 1997 میں شادی کی تھی —فوٹو: انسٹاگرام

معروف امریکی ٹی وی و ریڈیو میزبان و ٹی وی سلیبرٹی 85 سالہ لیری کنگ نے اپنی ساتویں بیوی کو بھی طلاق دینے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ لیری کنگ اپنی کسی بیوی کو ریکارڈ سال تک ساتھ زندگی گزارنے کے بعد طلاق دینے جا رہے ہیں۔

لیری کنگ نے اب تک 8 خواتین سے 7 بار شادی کی اور ان کی پہلی شادیاں طلاق پر ہی ختم ہوئیں۔

کئی اہم سیاسی، سماجی، کاروباری و شوبز شخصیات کے تاریخی انٹریو کرنے والے لیری کنگ نے پہلی شادی کیریئر شروع کرنے سے قبل 19 برس کی عمر میں 1952 میں کی تھی۔

لیری کنگ نے پہلی شادی اپنی کلاس فیلو محبوبا فریڈا ملر سے کی تھی، تاہم ان دونوں کی ایک سال کے اندر ہی طلاق ہوگئی۔

کم عمری میں شادی کرنے پر لیری کنگ کے والدین نے اس شادی کو تسلیم نہیں کیا اور ان پر یہ شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

پہلی شادی کے خاتمے کے بعد انہوں نے جلد ہی ریڈیو کی دنیا میں براڈ کاسٹر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا اور کیریئر کے ابتدائی چند سال بعد ہی انہوں نے دوسری شادی 1960 میں انیتے کیئی سے شادی کرلی اور انہیں ان سے ایک بیٹا جونیئر لیری کنگ 1961 میں ہوا۔

کیریئر میں آگے بڑھنے کی خواہش کی وجہ سے انہوں نے بیٹے کی پیدائش کے بعد ہی دوسری اہلیہ کو بھی طلاق دے دی اور اپنے بیٹے سے لگ بھگ 3 دہائیوں تک نہیں ملے۔

لیری کنگ اپنے بیٹے سے پہلی بار اس وقت ملے جب وہ شادی کر چکے تھے اور ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔

لیری کنگ نے پلے بوائے کی ماڈل الینے اکنس سے دو بار شادی کی اور دونوں بار انہیں طلاق دی—فوٹو: ڈیلی میل
لیری کنگ نے پلے بوائے کی ماڈل الینے اکنس سے دو بار شادی کی اور دونوں بار انہیں طلاق دی—فوٹو: ڈیلی میل

لیری کنگ نے تیسری شادی اس وقت کے بالغوں کے معروف ترین میگزین ’پلے بوائے‘ کی ماڈل الینے اکنس سے 1962 کے آغاز میں کی اور اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

اگلے ہی سال لیری کنگ نے میری فرانسز سے چوتھی شادی کی اور ایک ہی سال میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی، چوتھی شادی کی ناکامی کے بعد لیری کنگ نے پانچویں بار اپنی تیسری بیوی الینے اکنس سے دوبارہ شادی کی۔

سابقہ بیوی سے دوبارہ شادی کرنے کے بعد انہیں ان سے ایک بیٹی چھیا 1969 میں ہوئی، تاہم انہوں نے ایک بار پھر الینے اکنس کو 1972 میں طلاق دے دی۔

لیری کنگ نے 1976 میں پانچویں خاتون شیرون لیپورے سے شادی کی اور اس وقت تک وہ کیریئر میں اچھی خاصی جگہ بنا چکے تھے۔

تاہم ان کی پانچویں خاتون سے چھٹی شادی بھی زیادہ دیر تک نہ چل سکی اور دونوں کے درمیان 1983 میں طلاق ہوگئی۔

لیری کنگ نے چھٹی خاتون جولی الیگزینڈر سے ساتویں شادی 1989 میں کی اور دونوں کے درمیان ابتدائی طور پر اچھا رومانس بھی رہا، تاہم دونوں کو اپنے کیریئر کی وجہ سے ایک دوسرے سے الگ رہنا پڑ رہا تھا، جس وجہ سے دونوں کے درمیان 1992 میں طلاق ہوگئی۔

لیری کنگ کی زندگی میں آنے والی چھٹی خاتون جولی الیگزینڈر کاروباری خاتون تھیں—فوٹو: فیس بک
لیری کنگ کی زندگی میں آنے والی چھٹی خاتون جولی الیگزینڈر کاروباری خاتون تھیں—فوٹو: فیس بک

ساتویں بار شادی کی ناکامی کے بعد لیری کنگ نے اداکارہ ڈینا سے 1995 میں منگنی کی، تاہم ان کی منگنی شادی میں تبدیل ہونے سے قبل ہی ختم ہوگئی۔

لیری کنگ نے ساتویں خاتون اداکارہ و ماڈل شان سوتھوک سے آٹھویں بار 1997 میں شادی کی، وہ ان سے 25 برس کم عمر ہیں۔

شان سوتھوک اور لیری کنگ کی شادی ایک ایسے وقت میں ہوئی جب ٹی وی میزبان دل کے عارضے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

دونوں کی شادی کو 2 دہائیوں سے زیادہ وقت گزر چکا ہے اور دونوں کو 2 بالغ بچے بھی ہیں، تاہم اب دونوں کے درمیان طلاق ہونے والی ہے۔

لیری کنگ اپنی آٹھویں شادی کو بھی طلاق پر ختم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر چکے ہیں۔

لیری کنگ کی یہ پہلی شادی ہے جو 20 سال سے زائد عرصے تک چلی ہے، تاہم اب ان کی اس شادی کا بھی جلد خاتمہ ہونے والا ہے۔

لیری کنگ اور شان سوتھوک کی شادی کو 22 سال ہوگئے—فوٹو: اے ایف پی
لیری کنگ اور شان سوتھوک کی شادی کو 22 سال ہوگئے—فوٹو: اے ایف پی

شوبز ویب سائٹ ’پیج سکس‘ کے مطابق لیری کنگ نے اپنی 59 سالہ اہلیہ سابق اداکارہ شان سوتھوک سے طلاق کے لیے لاس اینجلس کی عدالت میں درخواست دائر کردی۔

رپورٹس کے مطابق اگرچہ لیری کنگ نے عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں اپنی اہلیہ پر کوئی الزامات عائد نہیں کیے، تاہم اطلاعات ہیں کہ انہوں نے اپنی عمر رسیدہ اہلیہ پر غیر محرم مرد سے ناجائز تعلقات کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا۔

لیری کنگ 2010 میں بھی اپنی اہلیہ کو طلاق دینے کے لیے عدالت گئے تھے، تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوگئے اور ان کی شادی ختم ہونے سے بچ گئی۔

شوہر کی جانب سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیے جانے پر شان سوتھوک نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بستر مرگ پر پڑے شوہر کی کوئی پرواہ نہیں اور نہ ہی وہ اپنی شادی بچانے کی خواہش مند ہیں۔

لیری کنگ چند سال سے علیل ہیں، انہیں اہلیہ کے سہارے چلتے ہوئے تقاریب میں دیکھا گیا—فوٹو: زمبو
لیری کنگ چند سال سے علیل ہیں، انہیں اہلیہ کے سہارے چلتے ہوئے تقاریب میں دیکھا گیا—فوٹو: زمبو

شان سوتھوک کے مطابق ان کے شوہر گزشتہ 6 ماہ سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں بتایا ہے کہ ان کے شوہر کے پاس زندگی بہت کم ہے۔

شان سوتھوک کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف جو بھی الزامات لگائے جائیں، انہیں پرواہ نہیں، یہ کوئی نئے الزامات نہیں، تاہم وہ اب کسی طرح بھی اپنی شادی بچانے کے لیے فکرمند نہیں۔

امریکی میڈیا میں اطلاعات ہیں کہ لیری کنگ گزشتہ 6 ماہ سے انتہائی علیل ہیں اور ماہرین نے ان کے پھیپھڑے ناکارہ ہونے کے باعث نکال دیے ہیں، وہ دل کے امراض سمیت کینسر میں بھی مبتلا ہیں۔

لیری کنگ نے ’سی این این، آر ٹی، سی بی ایس، فاکس اور دیگر کئی ٹی وی چینلز پر پروگرامات کرتے رہے ہیں اور ساتھ ہی وہ برطانیہ اور امریکا سمیت دیگر ممالک کے مشہور ریڈیو چینلز کے لیے بھی پروگرام کرتے رہے ہیں۔

لیری کنگ نہ صرف والد اور دادہ بلکہ پڑ دادا اور پڑنانا بھی ہیں۔

بستر مرگ پر شوہر کے لیے پریشان نہیں ہوسکتی، شان سوتھوک—فوٹو: فیس بک
بستر مرگ پر شوہر کے لیے پریشان نہیں ہوسکتی، شان سوتھوک—فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں