اگر تو آپ کی توند نکل آئے تو یقیناً شخصیت کا سارا تاثر خراب ہوجاتا ہے اور ذہنی پریشانی الگ ہوتی ہے۔

اگر آپ بھی پیٹ کے ارگرد جمع ہونے والی چربی سے پریشان ہیں تو ورزش اور متوازن غذا کو معمول بنانے کے ساتھ ساتھ چند مشروبات کو بھی آزما کر بھی دیکھیں جو کہ دنوں میں توند کی چربی گھلانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اور اہم بات یہ ہے کہ ان مشروبات کو بنانے کے لیے سب کچھ آپ کے کچن میں پہلے سے ہی موجود ہے، بس ان چیزوں کو استعمال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ توند کی چربی مختلف سنگین امراض جیسے ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

تو توند کی چربی جلد گھلانے میں مددگار مشروبات درج ذیل ہیں۔

سبزچائے

اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ توند کی چربی کو گھلانے میں مدد دیتے ہیں۔ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سبز چائے کو پینا معمول بنالینا توند کی چربی کو تیزی سے گھلاتا ہے۔

سونف کی چائے

سونف ہاضمے کے لیے فائدہ مند ہے اور میٹابولک ریٹ بہتر ہوتا ہے، جب میٹابولک ریٹ بہتر ہوتا ہے تو معدے کی صفائی جلد ہوتی ہے جبکہ گیس، تیزابیت اور پیٹ میں درد وغیرہ کے مسائل کا سامنا نہیں ہوتا۔ اس مقصد کے لیے سونف کو گرم پانی میں شامل کرکے پی لیں یا رات بھر پانی میں بھگوئے رکھ کر نہار منہ پی لینا موٹاپے سے نجات میں اس وقت مدد دیتا ہے جب آپ اسے استعمال کرنا معمول بنالیں۔

شہد دارچینی کا پانی

دار چینی میٹابولزم کو بہتر بناتا ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی کا عمل بھی تیز ہوجاتا ہے، ایک چائے کا چمچ دار چینی گرم پانی میں شہد کے ساتھ ملا کر ہر صبح پی لیں، چند ہفتوں میں آپ نمایاں فرق محسوس کرسکیں گے۔

زیرہ پانی

کیا آپ جانتے ہیں کہ زیرہ کے پانی کا نہار منہ استعمال آپ کو توند کے مسئلے سے بہت کم عرصے میں نجات دلاسکتا ہے؟ جی ہاں 2 کھانے کے چمچ زیرے کو پانی میں رات بھر بھگوئے رکھیں اور صبح ابال کر زیرہ کو نکال کر پی لیں، اس سے میٹابولزم تیز ہوتا ہے، قبض سے نجات جبکہ نظام ہاضمہ سمیت متعدد فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ 15 دن میں اس مشروب کی مدد سے توند کی چربی کو گھلا سکتے ہیں۔

سیب کا سرکہ

سیب کا سرکہ پتے کے سیال کو حرکت میں لانے کے لیے بہترین ہے اور توند سے نجات کے لیے معدے میں تیزابیت کی سطح کو بہتر رکھتا ہے۔ اس سرکے کو ہر صبح گرم پانی میں ملا کر نہار منہ پینا فائدہ مند ہوتا ہے۔

اجوائن کا پانی

ایک لیٹر پانی کو ابالیں اور پھر اس میں ایک چائے کا چمچ اجوائن کا اضافہ کرلیں اور پھر 3 سے 4 منٹ تک ابالیں۔ پانی کی رنگت بتدریج بدل کر گولڈن ہوجائے تو چولہا بند کردیں اور پانی کو ٹھنڈا ہونے دیں۔ پانی کو چھان لیں اور پھر بوتل میں بھرکر دن بھر پیتے رہیں۔ اجوائن کا پانی نہ صرف نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے بلکہ میٹابولزم کی رفتار بھی بڑھاتا ہے۔ میٹابولزم کی رفتار جتنی زیادہ ہوگی، اتنی ہی کیلوریز زیادہ جلیں گی، اس کے نتیجے میں چربی بہت تیزرفتاری سے گھلنا شروع ہوجائے گی۔

پودینے کی چائے

پودینے کا استعمال غذا کو تیزی سے ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے اور چربی بننے سے روکتا ہے، اسی طرح پیٹ کو پھولنے نہیں دیتا جو کہ چربی کے اجتماع کے باعث اکثر لوگوں کو لاحق ہونے والا عارضہ ہے۔

اسپغول

توند کی اضافی چربی کو گھلانے کے لیے اسپغول کو صبح نہار منہ یا رات کو سونے سے پہلے پانی میں ملا کر پی لیں، کچھ دنوں میں ہی فائدہ حیران کردے گا۔ خیال رہے کہ ایک دن میں 10 سے 20 گرام سے زیادہ اسپغول استعمال نہ کریں، اس سے وزن تیزی سے کم تو ہوگا مگر دیگر مضر اثرات جیسے ہیضہ، پیٹ پھولنا اور ورم کا سامنا ہوسکتا ہے۔

لیموں اور اجوائن

یہ مشروب لیموں کے عرق اور اجوائن کے پتوں کے امتزاج پر مشتمل ہے۔ لیموں کا عرق جسم کی اندرونی صفائی میں مدد دیتا ہے تو اجوائن جسمانی وزن میں کمی کے ساتھ توند کی چربی گھلانے کے لیے جادو اثر ثابت ہوسکتا ہے۔

اس مشروب کو بنانے کا طریقہ جان لیں۔

کچھ مقدار میں اجوائن کے کٹے ہوئے پتے لیں اور ایک لیموں کو نچوڑ کر عرق نکال لیں۔

ان دونوں کو بلینڈر میں ڈالیں اور ایک کپ پانی کا اضافہ کرکے بلینڈ کرلیں۔

اس خالی پیٹ یا صبح نہار منہ پینے سے آپ چند ہفتوں میں توند کی چربی کو نمایاں حد تک گھلانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Aazam Aug 25, 2019 10:59pm
Muslim loves to be Saheed means love to fight for injustice to save innocents.