نتھیا گلی میں گورنر، وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت 4 ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھول دیے گئے

اپ ڈیٹ 26 اگست 2019
حکومت کو پرفضا مقام پر ان عالیشان ریسٹ ہاؤسز سے اچھی آمدنی کی توقع ہے — تصویر: اسکرین گریب
حکومت کو پرفضا مقام پر ان عالیشان ریسٹ ہاؤسز سے اچھی آمدنی کی توقع ہے — تصویر: اسکرین گریب

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے نتھیا گلی میں قائم گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت اپنے 4 ریسٹ ہاؤسز عوام کی بکنگ اور رہائش کے لیے کھول دیے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ نو آبادیاتی نظام کی یہ نشانیاں، جن کی دیکھ بھال پر ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے سالانہ کروڑوں روپے کے اخراجات آتے تھے، اب حکومت کے لیے آمدن کا ذریعہ بنیں گے‘۔

اس ضمن میں سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت اور کھیل عاطف خان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے محکمے نے کارروائی مکمل کرلی اور اب عام ریسٹ ہاؤس میں بکنگ کروا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گا، وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب

کھولے گئے دیگر ریسٹ ہاؤس میں پولیس ہاؤس اور کرنک ہاؤس بھی شامل ہیں، جن کی بکنگ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی ویب سائٹ پر کروائی جاسکتی ہے۔

ویب سائٹ پر میسر معلومات کے مطابق گورنر ہاؤس میں رہائش کے چارجز 40 ہزار روپے، وزیراعلیٰ ہاؤس کے لیے چارجز 24 ہزار روپے جبکہ پولیس ہاؤس اور کرنک ہاؤس کے لیے 18 ہزار سے شروع ہوتے ہیں۔

تاہم اس فہرست میں اسپیکر ہاؤس کا کہیں ذکر موجود نہیں جس کو عوام کے لیے کھولے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ، ایوان صدر کو عوام کیلئے کھول دیا گیا

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وہ رفتہ رفتہ صوبے میں موجود 174 سرکاری ریسٹ ہاؤس کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس سلسلے میں اگلے مرحلے میں 47 جبکہ اس کے بعد 100 ریسٹ ہاؤس کھولے جائیں گے۔

عاطف خان کا مزید کہنا تھا کہ تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے لیے کھولنے میں کچھ وقت لگے گا کیوں کہ اس سے پہلے ان عمارتوں کو رہنے کے قابل بنانا ہے لیکن اس مقصد کے لیے محمکہ سیاحت کو عملے کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث ان ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش چیلنج بنا ہوا ہے۔

رہائش کی بلند قیمتوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت ریونیو کمانا چاہتی ہے اور ان مقامات کو عوام کے لیے مفت نہیں رکھا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کی طرح پنجاب کا گورنر ہاؤس عام لوگوں کیلئے کھولنے کا اعلان

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’حکومتی نقطہ نظر سے بلند قیمتیں بری نہیں اچھی ہیں کیوں کہ اس سے مالدار صارفین راغب ہوں گے اور آمدنی میں مستحکم اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبے کے تمام ریسٹ ہاؤسز عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔


یہ خبر 26 اگست 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Aug 26, 2019 06:08pm
اگر ان کی بکنگ کو آن لائن کردیا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا کیونکہ اس طرح کوئی گڑبڑ یا ملی بھگت نہیں ہوگی اور ہر ایک اس باآسانی بکنگ کراسکے گا اور مالدار صارفین کا بھی پتہ چل سکے گا۔