گھی، تیل کی طلب میں نمایاں کمی، مینوفیکچررز پریشان

اپ ڈیٹ 28 اگست 2019
جولائی اور اگست کے مہینے میں 30 سے 35 فیصد سیل میں کمی ہوئی — فوٹو: شٹر اسٹاک
جولائی اور اگست کے مہینے میں 30 سے 35 فیصد سیل میں کمی ہوئی — فوٹو: شٹر اسٹاک

حکومت کی جانب سے خریدار اور مال فراہم کرنے والوں کے کاروبار کو رجسٹرڈ کروانے کے لیے قومی شناختی کارڈ کی شرط کے بعد کوکنگ آئل اور گھی کی طلب میں کمی کی وجہ سے مینوفیکچررز تشویش کا شکار ہیں کیونکہ زیادہ تر صارفین اب سستے متبادل کی تلاش میں ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک کمپنی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ متعدد ڈسٹریبیوٹرز ٹیکس فائلرز نہیں ہیں جس کی وجہ سے یہ انڈسٹری مزید تنزلی کا شکار ہوگئی ہے جو لوگوں کی قوت خریدکم ہونے کی وجہ سے پہلے ہی تنزلی کا شکار تھی۔

اسی طرح ایسے دکاندار جو فائلرز نہیں ہیں، وہ اپنی دکانوں میں زیادہ سامان رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

مزید پڑھیں: وفاقی بجٹ: چینی ، خوردنی تیل، سیمنٹ مہنگی

تیل اور گھی کی صنعت کی موجودہ شکل کو دیکھتے ہوئے پاکستان و بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے سابق چیئرمین عبدالمجید حاجی محمد کا کہنا تھا کہ جولائی اور اگست کے دوران ہی اس کی فروخت میں 30 سے 35 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

پی وی ایم اے کے ایک اور سابق چیئرمین شیخ امجد رشید کا کہنا تھا کہ جولائی کے مہینے میں برانڈڈ بناسپتی گھی اور تیل کی قیمتوں میں 10 سے 15 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ اگست میں مہینے میں یہ کمی 30 فیصد تک جاپہنچی ہے۔

انہوں نئے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ برانڈڈ مصنوعات میں زیادہ کمی نہیں دیکھنے میں آئی جس کی بڑی وجہ ان کمپنیوں پر صارفین کا اعتماد ہے۔

شیخ امجد رشید نے بتایا کہ کراچی میں گھی کی پیداوار 30 فیصد کم ہوئی ہے جو تقریباً 70 ٹن یومیہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گھی صحت کے لیے فائدہ مند یا نقصان دہ؟

ایسے میں کسی بھی مینوفیکچرر کے پاس لاگت میں کمی کے سخت اقدامات کا سہارا لینے کے بعد بھی اپنے آپ کو برقرار رکھنا مشکل ہے۔

سابق چیئرمین پی وی ایم اے کا کہنا تھا کہ یہ بے روزگاری کی تلوار زیادہ تر یومیہ تنخوادار پر ہی گرتی ہے، تاہم ایسے میں مستقل ملازمین اور کانٹریکٹ پر کام کرنے والوں کو اس کا سامنا آخر میں کرنا ہوتا ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا میں گھی اور تیل بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ جولائی اور اگست میں ان کی سیل میں 40 فیصد تک کی کمی آئی ہے، جبکہ انہوں نے بھی اس کمی کے لیے قومی شناختی کارڈ والی شرائط کی جانب اشارہ کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Engineer Aug 28, 2019 11:38am
Basically the smuggling to Afghanistan is stopped. Otherwise the local consumption cannot decrease. Nobody cook with out oil