سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اپ ڈیٹ 29 اگست 2019
آئندہ ماہ عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت 16 سو ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے — فائل فوٹو: ڈان
آئندہ ماہ عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت 16 سو ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے — فائل فوٹو: ڈان

ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے جو 900روپے اضافے کے بعد 90 ہزار روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

سونے کے کاروبار سے منسلک افراد نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں فی اونس 30 ڈالر کے اضافے کو قرار دیا جو اب ایک ہزار 5 سو 45 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت 16 سو ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں مقامی سطح سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے فی تولہ ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں: ملک میں سونے کی قیمت 88 ہزار روپے تولہ کی ریکارڈ سطح عبور کر گئی

سونے کی قیمتوں کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے زیورات کی فروخت میں شدید کمی آئی ہے۔

رواں ماہ کے وسط میں ملک میں سونے کی قیمتیں 950 اور 815 روپے اضافے کے بعد 88 ہزار 300 روپے فی تولہ اور 75 ہزار 703 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی تھیں۔

اس سے قبل جولائی 2019 میں سونے کی قیمت 84 ہزار 100 فی تولہ اور 72 ہزار 85 روپے 10 گرام پر پہنچ گئی اور اس میں بالترتیب 700 اور 600 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

خیال رہے کہ سال 2018 کے دوران عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 19 ڈالر فی اونس تک کی کمی دیکھی گئی تھی تاہم سونے کے مقامی خریداروں کو 10 گرام کی قیمت میں 9 ہزار 9 سو 57 روپے اور فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 600 روپے تک کے اضاففے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں