کراچی: بارش کے پیش نظر جمعرات کو نجی اسکولز بند رکھنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 29 اگست 2019
اسکول کو بند رکھنے کا اعلان بارش کے پیش نظر کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
اسکول کو بند رکھنے کا اعلان بارش کے پیش نظر کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

آل سندھ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن (اسپا) نے بارشوں کے پیش نظر جمعرات (29 اگست) کو تمام نجی اسکولز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے اسپا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں کل تمام نجی اسکول بند رکھنے کا فیصلہ والدین اور بچوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شہر میں بارش کے باعث والدین اور بچے ہی نقصان اٹھاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف مقامات پر بارش، ایک شخص جاں بحق

دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے اسکولوں کو بند کرنے کے حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں بارشوں کا نیا سلسلہ منگل کی دوپہر سے شروع ہوا جو جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

ادھر محکمہ موسمیات نے شہر میں تیزہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بارش، کراچی میں بجلی کا نظام درہم برہم، 16 افراد جاں بحق

قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں بارش کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی تھی جبکہ سڑکوں پر پانی کی نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی تھی۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ پانی کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے مشینری اور عملے کو تعینات کیا جائے۔

اپنی ہدایات میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بارش کے باعث نافذ ایمرجنسی کے دوران متعلقہ عملہ اپنی ڈیوٹی کو یقینی بنائے جبکہ اس دوران چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں