کیا کشمیریوں کو خاموش کروانے میں ٹوئٹر بھارت کی مدد کر رہا ہے؟

اپ ڈیٹ 31 اگست 2019
ٹوئٹر کو صدر ڈاکٹر عارف علوی  کے اکاؤنٹ کے خلاف بھی شکایت موصول ہوئی تھیں — فائل فوٹو: کریٹو کامنز
ٹوئٹر کو صدر ڈاکٹر عارف علوی کے اکاؤنٹ کے خلاف بھی شکایت موصول ہوئی تھیں — فائل فوٹو: کریٹو کامنز

کراچی: انٹرنیٹ پر آزادی اظہار رائے کو ایک مرتبہ پھر قدغن لگ گئی ہے اور اسے دباؤ میں لانے کا گھناؤنا چہرہ ایک مرتبہ پھر سامنے آرہا ہے لیکن اب کوئی اور نہیں بلکہ خود سماجی رابطے کی ویب سائٹس ہی اس کی ذمہ دار ہیں جو آزادی اظہار رائے کی علمبردار رہی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ شکایات موصول ہوئیں کہ ان کے اکاؤنٹس کو بند کر دیا گیا یا پھر ان کے پیغام کو ویب سائٹ سے ہٹادیا گیا جو انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی حمایت اور بھارتی فورسز کے ظلم کے خلاف کیے تھے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے ایسے 200 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی تھی جو صرف ٹوئٹر نے بلاک کیے تھے، جبکہ اسلام آباد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر الزام بھی عائد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں اور اس کے حمایتوں کو خاموش کرنے کے لیے بھارت کو مدد فراہم کر رہا ہے۔

جن صارفین کے اکاؤنٹس کے خلاف رپورٹ ٹوئٹر کو موصول ہوئی تھیں ان میں پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل تھے، جنہیں ٹوئٹر کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اب ٹوئٹر اکاﺅنٹ ویریفائی کرنا ہر ایک کیلئے ہوگا ممکن

تاہم ٹوئٹر نے یہ واضح کیا تھا کہ ڈاکٹر عارف علوی کے اکاؤنٹ میں ایسا مواد نہیں تھا جس سے پلیٹ فارم کے ضابطے کی خلاف ورزی ظاہر ہو، اسی وجہ سے ان کے اکاؤنٹ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اس حوالے سے جب بھی ٹوئٹر سے رابطہ کیا گیا تو اس نے ڈان کو بتایا کہ وہ اپنی پالیسی کے مطابق کارروائی کر رہا ہے جبکہ اس میں کسی سیاسی نقطہ نظر یا صارف کے ملک کو نہیں دیکھا جارہا۔

تاہم اس نے کچھ اکاؤنٹس کو ٹوئٹ کرنے کی اجازت دینے یا سینسر کرنے سے متعلق سوال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ٹوئٹر کی اس جدید پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے ہمیں اس ٹول کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے جو کشمیر کے معاملے پر شائع ٹوئٹ کو ویب سائٹ سے ہٹا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر حامی اکاؤنٹس کی بندش: پاکستان نے معاملہ فیس بک، ٹوئٹر کے سامنے اٹھادیا

مذکورہ ٹول کا استعمال کرتے ہوئے حکومت اور مجاز اداروں کو یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی مواد کو سینسر کرنے کے لیے ملکوں کی بنیاد پر ٹوئٹر کو درخواست دیں۔

حکومت پاکستان نے ماضی میں صحافیوں اور سماجی کارکنان کے خلاف اکثر اس ٹول کا فائدہ اٹھایا ہے۔

ٹوئٹر کہتا ہے کہ وہ مجوعی کوششوں کے ذریعے شفافیت کا موقع فراہم کرتا ہے تاہم متاثرہ شخص یا ادارہ براہ راست درخواست، وژول انڈیکیٹرز اور لیومن پر عدالتی احکامات شائع کرکے پلیٹ فارم کو آگاہ کر سکتا ہے۔

بھارت کی وزارت انفارمیشن اینڈ الیکٹرونک ٹیکنالوجی نے لیومن پر ایک قانونی درخواستوں کی پوری فہرست ارسال کی جس میں کہا گیا کہ متعلقہ اکاؤنٹس یا تو کشمیریوں کے ہیں یا پھر ان کی حمایت میں شائع کیے گئے پیغامات کے ہیں جو بھارتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں: سید علی گیلانی سے منسوب جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

تاہم ٹوئٹر کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے ان پیغامات کی بھارت میں رسائی کو ناممکن بنادیا گیا۔

اس معاملے میں اس سے بھی زیادہ دشوار پہلو یہ ہے کہ ٹوئٹر کے ڈیٹا بیس میں بھارت کی جانب سے ارسال کی گئی تمام قانونی درخواستوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

رواں ماہ 14 اگست سے اب تک بھارت کی جانب سے 6 قانونی درخواستیں دی گئی ہیں، ان میں ایک مثال صحافی ارشد شریف کے خلاف درخواست ہے جسے ڈیٹا بیس میں اپ لوڈ نہیں کیا گیا۔

ٹوئٹر کا اپنے اصولوں پر تضاد اور ان پر عمل نہ کرنا ہی لوگوں میں اس کے رپورٹنگ کے عمل میں غیر اعتمادی کی فضا قائم کرتا ہے جبکہ اس سے لوگوں میں یہ پیغام بھی جاتا ہے کہ ٹوئٹر اس خطے کی سیاست کو سنجیدگی سے نہیں لیتا۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک، عمران خان کی تصویر لگادی گئی

ایک اور مسئلہ جو بھارتی حکومت کو معلومات کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے وہ ٹوئٹر پر انسانی منتظمین کی کمی ہونا اور خود کار نظام ہے جس کی وجہ سے یہ پلیٹ فارم میں ہیرا پھیری کرتا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران متعدد پاکستانی شخصیات کے اکاؤنٹس بھی معطل کر دیے گئے جس کی سب سے بڑی وجہ ’نقالی‘ کو قرار دیا گیا۔

ڈان کے تجزیے میں انکشاف ہوا کہ 'ای ٹی ایف ایسوسی ایٹس' اور 'بی ایم جے یوتھ' ان چند اکاؤنٹس میں سے ہیں جنہوں نے پاکستانی اکاؤنٹس کی بندش میں سب سے زیادہ درخواستیں دیں۔

ای ٹی ایف ایسوسی ایٹس (@ETF_RT) نامی یہ اکاؤنٹ جون 2016 میں بنایا گیا جس نے صرف 2019 کے دوران ہی 3 سو 39 اکاؤنٹس کے خلاف درخواستیں دیں، تاہم اس نے ایک ایسے اکاؤنٹ کو بھی بند کروا دیا جس کے فالوورز کی تعداد 90 ہزار سے زائد تھی۔

مزید پڑھیں: مسئلہ کشمیر: حالیہ تنازع پر ٹوئٹر نے 200 اکاؤنٹس معطل کیے

بی ایم جے یوتھ نامی یہ اکاؤنٹ تو رواں برس جنوری میں بنایا گیا، تاہم اس نے پھر بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان برائے ڈیجیٹل میڈیا مشوانی اظہر کے اکاؤنٹ کے خلاف درخواست دی جسے 33 ہزار صارفین فالو کر رہے ہیں۔

کشمیر سے متعلق پیغام شائع کرنے والے صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں ٹوئٹر کی جانب سے ’شیڈو بینڈ‘ کا سامنا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ٹوئٹر، صارفین کے ایسے پیغامات کو صرف ان ہی کی حد تک محدود کر دیتا ہے اور اس تک کسی کی رسائی ممکن نہیں ہوتی۔

دوسرے ممالک بالخصوص بھارتی صارفین کا کہنا تھا کہ کشمیر کی حمایت میں جاری ان کے پیغامات کو ’ حساس مواد قرار‘ دیا جاتا ہے، تاہم دوسرے صارف کی جانب سے کلک کرنے پر اس مواد کو کھول دیا جاتا ہے۔

تاہم ٹوئٹر کی جانب سے ایسے تمام الزامات کو مسترد کردیا گیا اور کہا گیا کہ وہ شیڈو بینڈ نہیں کرتے۔

تبصرے (1) بند ہیں

بندہ ناچیز Aug 31, 2019 10:36am
یہ حقیت ہے کہ ٹوٹئر ایسا ہی کررہا ہے۔ ایسے لاتعداد اکائنٹ ہیں جو کہ ان بے وقوفوں نے یہ سوچ کر بند کردئے کہ کشمیر میں ہندوں کی جارحیت اور ظلم و ستم کو چھپایا یا دبایا جاسکے۔ میں بھی انھی متاثرین میں شامل ہوں۔ کہ جو kashmirhour کا ہیش ٹیگ استعمال کررہے تھے- یہ ٹوٹئر انتظامیہ اور آزادی اظہار رائے پر سوالیہ نشان ہیں۔