ہونڈا موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2019
رواں سال یہ چوتھی بار اضافہ کیا گیا ہے — فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا
رواں سال یہ چوتھی بار اضافہ کیا گیا ہے — فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا

اٹلس ہونڈا نے اپنی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا ہے۔

پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 4 ہزار روپے کا اضافہ کیا، جس کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی ڈی 70، سی ڈی ڈریم اور پرائڈر کی قیمتوں میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا۔

اس نئے اضافے کے بعد سی ڈی 70 کی قیمت 73 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 74 ہزار 900 روپے، سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 77 ہزار 900 سے بڑھ کر 78 ہزار 900 روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح اب سی جی 125 کی قیمت ایک لاکھ 23 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 24 ہزار 500 روپے، سی جی 125 ایس کی قیمت ایک لاکھ 44 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 46 ہزار 900 روپے، سی جی 125 ایس اسپیشل ایڈیشن کی قیمت ایک لاکھ 48 ہزار 900 روپے، سی بی 125 ایف کی قیمت ایک لاکھ 68 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 70 ہزار 500 روپے جبکہ سی بی 125 ایف اسپیشل ایڈیشن کی قیمت ایک لاکھ 72 ہزار 500 روپے کردی گئی ہے۔

سی بی 150 ایف کی قیمت 4 ہزار روپے اضافے سے 2 لاکھ 5 ہزار500 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 9 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔

سی بی 250 ایف کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور وہ بدستور 6 لاکھ 40 ہزار روپے ہے۔

اس سے قبل اٹلس ہونڈا نے رواں سال کے دوران کم از کم 3 مرتبہ موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا، جس کی وجہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ قرار دیا گیا تھا۔

اس مرتبہ کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ تو نہیں بتائی گئی مگر ممکنہ طور پر روپے کی قدر میں کمی کو ہی جواز بنایا گیا۔

خیال رہے کہ اٹلس ہونڈا کی جانب سے 90 فیصد سے زائد لوکلائزیشن کے دعوے کے باجود 2018 میں کم از کم 6 مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

صمد Sep 03, 2019 11:05pm
لوگوں کو چاہیے کہ ہونڈا کی بائیک خریدنا بند کردیں ۔جب تک لوگ اس لٹیروں کی بائیکیں خردیتے رہینگے تب تک یہ لوگوں کو لوٹتے رہینگے