مصر: دل کا دورہ پڑنے سے سابق صدر محمد مرسی کے چھوٹے بیٹے کا انتقال

اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2019
خاندان کے وکیل کے مطابق عبداللہ مرسی کی تدفین آج ہوگی — فوٹو: ٹوئٹر
خاندان کے وکیل کے مطابق عبداللہ مرسی کی تدفین آج ہوگی — فوٹو: ٹوئٹر

مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے سب سے چھوٹے بیٹے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مرسی خاندان کے وکیل عبدالمنیم عبدالمقصود نے بتایا کہ عبداللہ مرسی کو اس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ گاڑی چلا رہے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرسی کے بیٹے کے ساتھ گاڑی میں ان کا ایک دوست بھی موجود تھا جو چلتی گاڑی روکنے میں کامیاب ہوا اور عبداللہ مرسی کو ہسپتال پہنچایا۔

مرسی خاندان کے وکیل نے بتایا کہ عبداللہ مرسی کی نماز جنازہ اور تدفین آج ہوگی۔

مزید پڑھیں: محمد مرسی کمرہ عدالت میں انتقال کرگئے

خیال رہے کہ مصر میں 2011 میں تحریر اسکوائر پر لاکھوں افراد کے مظاہروں کے نتیجے میں 3 دہائیوں سے اقتدار میں رہنے والے حسنی مبارک کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔

بعد ازاں جون 2012 میں محمد مرسی مصر کے صدر منتخب ہوئے لیکن اقتدار کے صرف ایک سال بعد ہی ان کے استعفے کے مطالبات سامنے آنے لگے۔

جولائی 2013 میں اس وقت کے آرمی چیف اور موجودہ صدر عبدالفتح السیسی نے محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

مصری فوج نے اخوان المسلمین کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے محمد مرسی سمیت کئی رہنماؤں اور سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مصر کا اقوام متحدہ پر محمد مرسی کی موت کو 'سیاسی رنگ' دینے کا الزام

محمد مرسی کو جاسوسی، مظاہرین کو قتل کروانے اور جیل توڑنے کے الزامات کے تحت عمر قید، سزائے موت اور 20 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

رواں برس 17 جون کو عدالتی کارروائی کے دوران 67 سالہ محمد مرسی کمرہ عدالت میں بے ہوش ہوگئے تھے جس کے کچھ دیر بعد وہ انتقال کرگئے۔

اس حوالے سے 20 جون کو انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی موت کی ’مجرم‘ مصری حکومت کو عالمی عدالت میں لے کر جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں