ویڈیو میں لڑکی کو نیم عریاں حالت میں دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ
ویڈیو میں لڑکی کو نیم عریاں حالت میں دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ

بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں اہل خانہ اور رشتہ داروں نے دوسرے قبیلے کے مرد سے تعلقات استوار کرنے کے الزام میں نوجوان لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارت بھر میں کشیدگی کی لہر دوڑ گئی اور سوشل میڈیا پر متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو گرفتار کرکے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی جانب سے واقعے کی جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد مرد نوجوان لڑکی کو نیم عریاں حالت میں ڈنڈیوں سے سرعام پیٹ رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈنڈے پکڑے ہوئے نصف درجن سے زائد مرد لڑکی کے پیچھے ہیں اور وقفے وقفے سے ان پر تشدد کررہے ہیں اور ساتھ ہی ان کے لیے نامناسب زبان بھی استعمال کی جارہی ہے۔

ویڈیو میں تقریبا 6 کے قریب افراد کو لڑکی پر تشدد کرتے اور ان پر چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ
ویڈیو میں تقریبا 6 کے قریب افراد کو لڑکی پر تشدد کرتے اور ان پر چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ریاست مدھیا پردیش کے ضلع علی راجپور کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں لڑکی کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں نے انہیں سرعام راستے میں ہی نیم عریاں کرکے تشدد کا نشانہ بنایا۔

’نیو انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق یہ واقعہ ابتدائی طور پر ضلع علی راجپور کے تماچی گوٹھ میں گزشتہ ماہ 31 اگست کو پیش آیا، تاہم دو دن بعد اس واقعے کی ویڈیو سامنے آئی۔

بھارتی سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو 2 ستمبر کو سامنے آنے کے بعد وائرل ہوگئی اور کئی نامور صحافیوں، فلم سازوں اور لکھاریوں نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لڑکی پر تشدد کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس نے تفتیش شروع کردی لیکن ویڈیو میں لڑکی پر تشدد کرنے والے ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ لڑکی کو مخالف قبیلے کے مرد کے ساتھ تعلقات استوار کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر تشدد کرنے والے مرد لڑکی کے خاندان سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی—اسکرین شاٹ
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں