بولڈ گلوکاری کے بعد وینا ملک کے وطن کی محبت کے نغمے

05 ستمبر 2019
وینا ملک کا پہلا میوزک ایلبم 2013 میں ریلیز ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
وینا ملک کا پہلا میوزک ایلبم 2013 میں ریلیز ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

وینا ملک کو زیادہ تر لوگ بطور اداکارہ و ماڈل جانتے ہیں لیکن جلد ہی لوگ انہیں ایک گلوکارہ کے طور پر دیکھیں گے۔

وینا ملک ان دنوں وطن سے محبت بھرے گیتوں کی تیاری میں مصروف ہیں اور جلد ہی پاکستانی شائقین ان کے ملی نغمے سنیں گے۔

وینا ملک نے ڈان امیجز سے بات کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ وہ وطن سے محبت کے لیے مجبور کرنے والے گیتوں کی تیاری میں مصروف ہیں۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ جلد ہی شائقین کو ان کا میوزک ایلبم دیکھنے کو ملے گا، جس میں نہ صرف وطن سے محبت کرنے پر مجبور کرنے والے گانے شامل ہوں گے بلکہ اس ایلبم میں مقبوضہ کشمیر کے افراد سے اظہار یکجہتی کرنے والے گانے بھی شامل ہوں گے۔

وینا ملک کے مطابق میوزک ایلبم کا پہلا ہی گانا ’مقبوضہ کشمیر اور وہاں کے افراد‘ سے اظہار یکجہتی اور محبت سے متعلق ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ موسیقار ولکھاری عاصم رضا سمیت دیگر افراد کے ساتھ مل کر میوزک ایلبم پر کام کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ عاصم رضا کا شمار مقبول موسیقاروں میں ہوتا ہے اور گزشتہ برس ہی انہوں نے نجی ٹی وی چینل ’بول‘ کے ڈرامے ’پارلر والی لڑکی‘ کے لیے ’بول کفارہ کیا ہوگا‘ گانا بنایا تھا۔

’بول کفارہ کیا ہوگا‘ انتہائی مقبول ہوا تھا اور اب تک یوٹیوب پر اسے ڈھائی کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

وینا ملک نے پہلی مرتبہ 2013 میں ’رم رم‘ نامی میوزک ایلبم ریلیز کیا تھا، جس میں وہ انتہائی بولڈ انداز میں دکھائی دی تھیں۔

وینا ملک کے 2013 میں ریلیز ہونے والے میوزک ایلبم میں ان کے ساتھ بھارتی اداکاروں نے بھی کام کیا تھا اور ان کے بولڈ گانوں نے بھی کافی شہرت حاصل کی تھی۔

اسی ایلبم میں ان کا گانا ’ڈرامہ کوئین‘ بہت مشہور ہوا تھا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ وینا ملک کا دوسرا ایلبم کب تک ریلیز ہوگا—فوٹو: انسٹاگرام
یہ واضح نہیں ہے کہ وینا ملک کا دوسرا ایلبم کب تک ریلیز ہوگا—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں