سعودی، اماراتی وزرائے خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات

05 ستمبر 2019
دونوں عرب وزرائے خارجہ نے راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
دونوں عرب وزرائے خارجہ نے راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزرائے خارجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک ساتھ ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کے حل میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں عرب رہنماؤں نے راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک ساتھ ملاقات کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل احمد الجبیر اور یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے بھارتی اقدام کے بعد کشیدہ صورتحال اور اس کے حل میں حمایت کی یقین دہانی بھی کروادی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ باہمی تعلقات اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کشمیر تنازع: پاکستان کا عالمی برادری سے بھارت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ

عرب وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن اور استحکام لانے میں پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’پاکستان کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے خصوصی اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور امارتی ہم منصب عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

اس دوران شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے غیر رسمی گفتگو بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آرٹیکل 370 کا خاتمہ: عرب ممالک، بھارت سے تجارتی مفادات کے باعث خاموش

بعد ازاں وزیرخارجہ کے ہمراہ سعودی وزیر عادل الجبیر اور اماراتی وزیر عبداللہ بن زاید بن سلطان دفتر خارجہ گئے، جہاں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت ہوئی۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت رکوانے اور اس کے غیر قانونی اقدام کو واپس لینے کے لیے نئی دہلی پر دباؤ ڈالا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں