خواتین کی خواہشات اور بیویوں سے دھوکوں پر مبنی ڈرامہ ’بے وفا‘

07 ستمبر 2019
ڈرامے کو رواں ماہ 16 ستمبر سے ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: فیس بک
ڈرامے کو رواں ماہ 16 ستمبر سے ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: فیس بک

ڈراموں کے شائقین جلد ہی اداکارہ علی رحمٰن خان اور نوین وقار کو ایک منفرد ڈرامے میں ایک ساتھ ایکشن میں دیکھیں گے۔

جلد ہی دونوں اداکارہ نئے ڈرامہ سیریل ’بے وفا‘ میں میاں اور بیوی کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

’بے وفا‘ کے حوالے سے دونوں نے ڈان امیجز کو اپنے اپنے کرداروں اور ڈرامے کی کہانی سے آگاہ کیا۔

علی رحمٰن خان نے ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ایسے شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک اچھی کمپنی میں کمپیوٹر پروگرامنگ کی ملازمت کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا کردار ساتھ ہی کام کرنے والی اپنی بہترین دوست اور پہلی محبت سے شادی کرلیتا ہے اور ان کی بہترین دوست کا کردار نوین وقار ادا کر رہی ہیں۔

علی رحمٰن خان نے اپنے کردار کے حوالے سے مزید بتایا کہ ان کا کردار خود مختار، محنتی اور ایماندار ہوتا ہے۔

نوین وقار نے اپنے کردار کے حوالے سے مختصر بتایا کہ وہ ڈرامے میں ایک خاتون خانہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ان کے مطابق وہ ڈرامے میں اپنے شوہر سے بے حد محبت کرنے والی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جو مضبوط، خود مختار اور بیک وقت انتہائی معصوم اور بھولی بھی ہوتی ہیں۔

دونوں اداکاروں کے مطابق ڈرامے کی مرکزی کہانی خواتین کی خواہشات اور ان کی جانب سے کیے جانے والے شکوک کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے میں جہاں خواتین کی خواہشات کو دکھایا گیا ہے، وہیں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ خواتین کے شکوک کی وجہ سے ان کی زندگی میں کتنے مسائل ہوتے ہیں۔

ڈرامے میں اپنی بیویوں سے دھوکا کرنے والے شوہروں کے کردار کو بھی دکھایا جائے گا۔

ڈرامے میں اشنا شاہ بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی اور اس ڈرامے کی ہدایات عابس رضا نے دی ہیں اور اسے بگ بینگ ہاؤس کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

ڈرامے کو رواں ماہ 16 ستمبر سے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں