لاہور: ’شراب فروشی‘ کے الزام میں ریسٹورنٹ سیل، 13 افراد گرفتار

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2019
اعلیٰ حکام نے معاملہ پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی—فوٹو: عدنان شیخ
اعلیٰ حکام نے معاملہ پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی—فوٹو: عدنان شیخ

لاہور پولیس نے شراب فروشی کے الزام میں ایک ریسٹورنٹ کو سیل کرکے انتظامیہ سمیت 13 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی لاہور ملک عمران نے بتایا کہ پولیس نے ریسٹورنٹ انتظامیہ، اسٹاف اور شراب نوشی کرنے والوں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔

مزیدپڑھیں: لاہور میں زہریلی شراب پینے سے 12 ہلاک

ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق لاہور کمشنر کی ہدایت پر پولیس اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ’کیفے آلاتنو‘ کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔

خفیہ اطلاع پر کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو مدثر نواز کو کیفے کے خلاف کارروائی کا حکم دیا کہ اگر کیفے میں غیرقانونی سرگرمیاں جارہی ہیں تو کارروائی کی جائے۔

بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ ماڈل ٹاؤن اسسٹنٹ کمشنر ذیشان رانجھا، لاہور ایکسائز ای ٹی او مسعود بشیر وڑائچ اور ماڈل ٹاؤن ایس پی ملک عمران کے ساتھ کیا۔

جس کے بعد اعلیٰ حکام نے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں زہریلی شراب پینے سے 12 ہلاک

علاوہ ازیں معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے سادہ کپڑوں میں اہلکاروں کو ریسٹورنٹ بھی بھیجا گیا۔

خفیہ اہلکاروں نے 12 ہزارروپے میں غیرملکی شراب خریدنے کے بعد 2 اسسٹنٹ کمشنرز کو مطلع کیا جس کے بعد ریسٹورنٹ میں چھاپہ مارا گیا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ اس دوران پولیس ٹیم کیفے کے باہر کسی بھی ناشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہی۔

حکام نے بھاری مقدار میں شراب کی بوتلیں قبضے میں لے لیں جبکہ صارفین سمیت ریسٹورنٹ کے عملے اور انتظامیہ کو گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ رواں برس کے اوائل میں لاہور ہائی کورٹ نے شراب کی کھلے عام فروخت کے خلاف درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔

مزیدپڑھیں: وقار ذکاء نے شیشہ پیا یا شراب؟

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور لاہور کے بڑے ہوٹل کے مالکان کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی تھی کہ حکومت کی جانب سے جاری لائسنس کی آڑ میں ہر روز شراب فروخت کی جا رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ غیر مسلم کو خاص تہوار پر شراب فروخت کرنے کی اجازت ہے لیکن ہوٹل مسلم اور غیرمسلم سب کو روزانہ کی بنیاد پر شراب فروخت کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں