جسمانی وزن میں کمی کے علاوہ لوگ جم کا رخ مسلز بنانے کے لیے کرتے ہیں۔

اب مقصد چاہے جسمانی وزن میں کمی ہو یا مسلز کا حجم بڑھانا، دونوں ہی کافی مشکل ثابت ہوتے ہیں۔

جسمانی وزن میں کمی طرح مسلز کا حجم بھی راتوں رات بڑھانا ممکن نہیں بلکہ ایک سست عمل ہے جس کے لیے تسلسل اور عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔

کچھ لوگ گھنٹوں جم میں گزارتے ہیں اور صحت بخش غذا کا انتخاب بھی کرتے ہیں مگر پھر بھی مسلز بنانے میں ناکام رہتے ہیں، جس کی وجہ ان کی چند عام غلطیاں ہوتی ہیں۔

اگر آپ بھی مسلز بنانے کی کوشش کررہے ہیں تو درج ذیل غلطیوں سے بچیں۔

غذا کا درست انتخاب نہ کرنا

اگر آپ دبلے پتلے ہیں تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ غذا مناسب مقدار میں نہیں کھاتے ہوں گے، پتلے افراد کا میٹابولزم زیادہ تیز ہوتا ہے اور انہیں مسلز بنانے کے لیے معمول سے زیادہ کھانے کی ضرورت ہوتی ہے مگر درست غذا کا انتخاب اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ درحقیقت پروٹین، فائبر اور فائدہ مند چکنائی سے بھرپور غذا کا انتخاب اس کے لیے ضروری ہے، ہمارے جسم کو نئے مسلز بنانے کے لیے امینو ایسڈ کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب مناسب مقدار میں پروٹین جسم کا حصہ بنے، پروٹین آپ کو انڈوں، مرغی، دودھ یا اس کی مصنوعات، گریوں، دالوں، چربی کے بغیر گائے کا گوشت اور مچھلی وغیرہ سے آسانی سے مل سکتا ہے۔

سپلیمنٹس کا زیادہ استعمال

سپلیمنٹس جسم میں غذائی کمی پوری کرنے کا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں مگر یہ اس غذا کا متبادل نہیں جو ہم کھاتے ہیں، درحقیقت یہ کوئی غذا ہی نہیں اور اس کی جگہ لے بھی نہیں سکتے۔ تو مسلز بنانے کے لیے سپلیمنٹس پر انحصار کرنا بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچاتا، اس طرح کے سپلیمنٹس پر خرچہ کرنے سے پہلے اپنی غذائی عادات کو ٹھیک کرلی تو زیادہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

تسلسل کی کمی

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ مسلز بنانے کے لیے وقت لگتا ہے اور اس کے لیے ورزش کو معمول بنانا ضروری ہے، اگر آپ ورزش کو تسلسل سے جاری نہیں رکھتے تو مسلز بنانے میں پیشرفت کا امکان بھی بہت کم ہوتا ہے، ورزش کو کبھی کرنے کبھی نہ کرنے سے مسلز نہیں بنتے، ہر ورزش کے نتائج کے لیے وقت لگتا ہے اور اس کے لیے تحمل کی ضرورت ہوتی ہے۔

درست ورزش کا انتخاب نہ کرنا

تسلسل کے ساتھ ساتھ یہ بھی بہت ضروری ہے کہ جسمانی ساخت کے مطابق درست ورزش کا انتخاب کریں، بنیاد کو چھوڑ کر اگر ایڈوانسڈ ورزشیں شروع کردیں گے تو کوئی فائدہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔ آرام سے آغاز کرکے تسلسل برقرار رکھیں اور ہاں اپنی پیشرفت کا موازنہ دیگر سے کبھی مت کریں۔

مناسب مقدار میں پانی نہ پینا

ہمارے جسم کا بڑا حصہ پانی پر مشتمل ہے، اگر آپ مسلز بڑھانا چاہتے ہیں تو پانی کے استعمال کی مقدار بھی بڑھانے کی ضرورت ہوتی ہے، کم از کم 6 سے 8 گلاس پانی روزانہ پینے سے بہتر نتائج کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں