کراچی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اعلٰی سطح کی کمیٹی قائم

09 ستمبر 2019
زیراعظم نے کمیٹی اراکین کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبے کے حوالے سے اپنی ابتدائی تجاویز پیش کریں—تصویر: پی آئی ڈی
زیراعظم نے کمیٹی اراکین کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبے کے حوالے سے اپنی ابتدائی تجاویز پیش کریں—تصویر: پی آئی ڈی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی منصوبہ بندی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی کراچی کی بہتری کے لیے مختصر، درمیانے اور طویل دورانیے پر مشتمل اقدامات تجویز کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ شہر میں جاری صفائی مہم اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

کمیٹی کی سربراہی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کریں گے جبکہ دیگر اراکین میں وزیر بحری امور علی زیدی، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل انعام حیدر ملک شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں حالیہ بارش کے بعد مکھیوں کی پھر بھرمار

اس کے علاوہ کمیٹی میں شامل کچھ اراکین کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، وزیراعظم نے کمیٹی اراکین کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبے کے حوالے سے اپنی ابتدائی تجاویز پیش کریں۔

اجلاس میں شرکا نے کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور ماس ٹرانزٹ کے نظام پر غور کیا۔

وزیراعظم نے کراچی کے شہریوں کو پیش آنے والے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

سندھ میں 2008 سے مسلسل اقتدار کی مسند پر براجمان جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی یہ حالت ’ماضی کی بد انتظامی اور ٖغفلت‘ کی وجہ سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: دنیا کے 10 کم ترین قابلِ رہائش شہروں میں کراچی بھی شامل

وزیراعظم نے خصوصی طور پر کراچی میں پینے کے صاف پانی کے فقدان اور شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ کراچی فنانشل حب ہے اور پاکستان کا مستقبل اس سے وابستہ ہے‘۔

اس موقع پر وزیر بحری امور علی زیدی نے کراچی کی صفائی مہم کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلات بتائیں جس پر انہوں نے اس مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں