آرمی چیف سے سینٹ کام کے کمانڈر کی ملاقات، افغانستان اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2019
ملاقات میں جیواسٹریٹجک صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا — فوٹو: اے پی پی
ملاقات میں جیواسٹریٹجک صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا — فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام ) کمانڈر جنرل کینتھ مکینزی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور افغانستان اور مسئلہ کشمیر کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق سینٹ کام کمانڈر سے ملاقات میں جیواسٹریٹجک صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل کینتھ مکینزی کی قیادت میں امریکی سینٹ کام کے وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: سینٹ کام کے کمانڈر کو تربیلا میں توانائی کی پیداوار پر بریفنگ

یاد رہے کہ سینٹ کام کے سربراہ 17 رکنی وفد کے ہمراہ 7 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے تھے، انہوں نے تربیلا ڈیم اور اس منصوبے سے جڑے دیگر منصوبوں کا دورہ کیا تھا جس میں مرکزی ڈیم، اسپل ویز، ذخائر اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔

واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے امریکی سفیر برائے پاکستان پال جونز اور دیگر کے ہمراہ جنرل مک کینزی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔

اس موقع پر امریکی وفد کا کہنا تھا کہ 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی حالیہ امریکی گرانٹ سے تربیلا پاور ہاؤس کی زندگی میں 15 سے 20 سال تک اضافہ ہوا اور 148 میگا واٹ کے پاور جنریشن کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

قبل ازیں اپریل میں جنرل کینتھ مکینزی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس میں پاک-امریکا تعلقات اور افغان امن عمل سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نئی گج ڈیم کی لاگت 3 گنا بڑھنے پر سینیٹ کمیٹی کا اظہار تشویش

وزیراعظم عمران خان نے جنرل کینتھ مکینری سے ملاقات میں ’سیاسی حل کے ذریعے افغانستان میں امن اور استحکام کے عزم کو دہرایا‘۔

وزیراعظم نے ابھرتے ہوئے خدشات کی روک تھام کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بات چیت کی تھی۔

جنرل کینتھ مکینزی نے مئی میں جنرل جوزف ووٹل کی ریٹائرمنٹ کے بعد امریکی سینٹ کام کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

انہوں نے اسلام آباد کے 2 روزہ دورے میں وزیر دفاع پرویز خٹک، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، چیف آف ایئر اسٹاف مارشل مجاہد انور اور چیف آف نیول اسٹاف ظفر محمود عباسی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

جنرل کینتھ میکنزی نے ملاقاتوں میں خطے میں سیکیورٹی اور استحکام سے متعلق امریکی عزائم کا اظہار بھی کیا۔


یہ خبر 10ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں