آج مقبوضہ کشمیر میں بھی کربلا برپا ہے، فردوس عاشق اعوان

اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2019
فردوس عاشق اعوان کے مطابق جہاں جہاں باطل حق کے سامنے آئے گا وہاں اسوہ شبیریؓ  کے پیروکارحق کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے — فوٹو: ڈان نیوز
فردوس عاشق اعوان کے مطابق جہاں جہاں باطل حق کے سامنے آئے گا وہاں اسوہ شبیریؓ کے پیروکارحق کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایک کربلا میدانِ کربلا میں برپا ہوا اور آج ایک کربلا مقبوضہ کشمیر میں بھی برپا ہے۔

سیالکوٹ میں شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ درسِ کربلا کا پیروکار کبھی بھی ظلم کے سامنے نہیں جھکتے اور عظیم شہادت سے طاقت لیتے ہوئے ہم سب حسینی پیروکار اس عظیم قربانی سے طاقت حاصل کرکے ظلم کے آگے ڈھال بن کر نظر آئیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کا دن اس عظیم قربانی کو یاد دلانے اور اپنی اپنی سطح پر منانے کا دن ہے، آج حضرت امام حسین ؓ کے حق کے نظریے کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ وہ کیا عظیم مقاصد تھے، جن کے لیے 6 ماہ کے بیٹے کی شہادت کے بعد بھی حوصلے پست نہیں ہوئے، وہ کیا ایسا راستہ تھا جس پر چلتے چلتے امام حسین کو حج کو عمرے میں تبدیل کرنا پڑا، وہ کیا عظیم مشن تھا جس کے لیے انسانیت کا درس آخری وقت تک دیا گیا۔

مزید پڑھیں: پوری قوم جمعے کو کشمیر سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی، فردوس اعوان

معاون خصوصی نے کہا کہ بیعت حسینؓ صرف ایک ہاتھ پر دوسرے ہاتھ کا آنا نہیں تھا بلکہ ایک باطل کو وہ تصدیق عہد کرنا تھا کہ آپ کی سیاہ کاریاں، مکروہ عمل جو دینِ اسلام کے خلاف ایجنڈا تھا، اسے دوام بخشنا تھا، حق کی بیعت کرنا اور باطل کے سامنے کھڑے ہونا یہی حسینیت تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے 72 رفقائے کار، اپنے پیارے بچے، اپنی بہنوں کی عصمتیں اور ہر وہ چیز، جو ان کے مقصد کے راستے میں آئی، اسے لٹا کر اپنے عظیم مقصد کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد ہے کہ فلسفہ حسینی کو ماننے والے کبھی تفرقہ بازی میں نہیں پڑسکتے، یہ کانفرنس ہر سال اتحاد و یکجہتی کا درس بن جاتی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ایک کربلا جو میدانِ کربلا میں برپا ہوا جس کے خلاف حضرت امام حسینؓ دیوار بن کر کھڑے ہوئے ایک کربلا کا میدان مقبوضہ کشمیر میں برپا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہاں جہاں حق کو للکارا جائے گا، جہاں جہاں باطل حق کے سامنے آئے گا وہاں اسوہ شبیریؓ کے پیروکار حق کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج مظلوم کشمیری، فلسفہ حسینی کے ساتھ پیار کرنے والے باطل کو للکار کر اپنے سے کئی گنا زیادہ طاقتور فرعونی ریاست بھارت کے آگے چٹان بن کر کھڑے ہیں اور یہ پیغام دے رہے ہیں کہ حق والے کبھی باطل کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیتے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ باطل مٹ جانے کے لیے ہے اور حق ہمیشہ رہنے کے لیے ہے، آج 39 دن ہوگئے کشمیری حسرت بھری نگاہوں سے انسانی حقوق کی تنظیموں کو پکار کر کہنا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کی آواز دبی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حق پر کھڑی قوم کو کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہاں کشمیریوں سے آئینی حق چھینا گیا، ان کے ساتھ انسانی حقوق کے تمام بین الاقوامی قراردادوں سے منسلک حقوق چھینے گئے وہاں آج ان سے مذہبی حق بھی چھین لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں ہر کسی کو حضرت امام حسین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا حق ہے لیکن مظلوم کشمیریوں کو نہیں، انہیں آج بھی مذہبی آزادی کے سامنے بندوق کی نوکیں اور کرفیو کے پہرے انسانیت کے ساتھ محبت کرنے والوں کو چیلنج کررہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہم اس امن کانفرنس کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان سے منسوب کرتے ہیں اور کشمیریوں کو پیغام دیتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جب تک مقبوضہ وادی میں آزادی کی صبح طلوع نہیں ہوتی پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا نظر آئے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں