بھارت میں پناہ کے خواہشمند بلدیو کمار کے بھائیوں نے عدم تحفظ کےالزامات مسترد کردیے

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2019
بلدیو کمار کے حوالے سے بھارتی ٹی وی کا پروپیگینڈہ بے بنیاد ہے—تصویر بشکریہ ٹوئٹر
بلدیو کمار کے حوالے سے بھارتی ٹی وی کا پروپیگینڈہ بے بنیاد ہے—تصویر بشکریہ ٹوئٹر

سوات: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکنِ صوبائی اسمبلی بلدیو کمار کے بھائیوں امرناتھ اور تلک کمار نے ان کے بھائی کی جانب سے پاکستانیوں میں اقلیتوں کے عدم تحفط کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیں اپنے حقوق مل رہے ہیں۔

اپنے بھائی کی جانب سے بھارت میں پناہ کی درخواست کی اطلاعات کے بعد پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ بلدیو کمار کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے اور پاکستان میں اقلیتوں کو کوئی خطرہ نہیں۔

دونوں بھائیوں کا کہنا تھا کہ بلدیو کمار سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ تا حال لاپتہ ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے کہ بلدیو کمار سے زبردستی بیان لیا گیا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ‘اقلیتوں سے متعلق بلدیو کمار کا بیان انتہائی شرمناک ہے‘

امرناتھ اور تلک کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیں بہت عزت دی ہے اس کے لیے ہماری جانیں بھی قربان ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے دونوں بھائیوں نے کہا کہ اگر کشمیر میں جنگ چھڑی تو سکھ برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوگی اور ہم پاکستان کے لیے اپنی جان قربان کر دیں گے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سابق اقلیتی رکن بلدیو کمار نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ’پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل نہیں‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ’میں سچ بولتا تھا اس لیے میری جان کو خطرہ تھا، جس کی بنا پر میں کچھ دوستوں سے مشورہ کر کے عید کے روز پاکستان سے نکل گیا‘۔

مزید پڑھیں: سورن سنگھ قتل: بلدیو کمار انسداد دہشت گردی عدالت سے بری

مذکورہ بیان منظر عام پر آنے کے بعد ردِ عمل دیتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا تھا کہ ’اقلیتوں سے متعلق بلدیو کمار کا بیان انتہائی مایوس کن ہے، پاکستان میں اقلیتی برادری کے افراد تمام مذہبی آزادی کے ساتھ پرسکون زندگی بسر کررہے ہیں‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 26 اپریل کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں گرفتار بلدیو کمار کو بونیر کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم ثبوت پر شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کردیا تھا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ ’بونیر کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے خیبرپختونخوا کے مشیر سورن سنگھ کے قتل میں بلدیو کمار کو رہا کردیا تھا تاہم مقتول کے اہلخانہ تاحال بلدیو کمار کو قاتل گردانتے ہیں‘۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شوکت یوسف زئی نے کہا تھا کہ بلدیو کمار کی جانب سے بھارت میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دینا ان کا ذاتی فیصلہ ہے کیونکہ ان کی اہلیہ بھی بھارتی شہری ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سائس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی بلدیو کمار کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’بھارت میں لوگ کس بات کی خوشی منا رہے ہیں، ایک ملزم پاکستان میں مقدمے سے بچنے کے لیے سیاسی پناہ حاصل کررہا ہے‘۔

سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں بلدیو کمار کی گرفتاری

یاد رہے کہ 22 اپریل 2016 کو خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے مشیر برائے اقلیتی امور اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سردار سورن سنگھ کو قتل کر دیا گیا تھا۔

مزیدپڑھیں: خیبرپختونخوا میں اقلیتی رکن اسمبلی قتل

سورن سنگھ کو قتل کرنے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سورن سنگھ کو سکھ مذہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے نہیں بلکہ حکومتی عہدیدار ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔

تاہم واقعے کے 3 روز بعد ہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مالاکنڈ آزاد خان نے پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ سورن سنگھ کو الیکشن کے لیے ٹکٹ نہ ملنے کے تنازع پر اجرتی قاتلوں کے ذریعے قتل کروایا گیا۔

بعد ازاں سورن سنگھ قتل کیس میں بلدیو کمار سمیت 6 ملزموں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بلدیو کمار کی حلف برداری

خیال رہے کہ سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں اُس وقت گرفتار ہونے والے بلدیو کمار کو رواں برس 27 فروری کو حلف برداری کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میں لایا گیا تھا تاہم ان کے اسمبلی میں آنے پر ان کے ساتھی اراکین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی تھی۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد نے بلدیو کمار کو جوتا دے مارا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قتل کے ملزم بلدیو کمار ایک مرتبہ پھر حلف اٹھانے اسمبلی پہنچ گئے

ساتھی اراکین کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے بلدیو کمار اُس دن حلف نہیں اٹھا سکے تھے جس کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں 16 اپریل کو بلدیو کمار کو ایک مرتبہ پھر حلف برداری کے لیے اسمبلی پہنچایا گیا تھا تاہم وہ اسمبلی کا کورم پورا نہ ہونے کے باعث اُس وقت بھی حلف نہ اٹھا سکے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں