ایپل نے پہلی بار 3 کیمروں والا آئی فون متعارف کرادیا

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2019
کمپنی کے آئی فون 11 کی کی تعارفی قیمت گزشتہ آئی فون کے مقابلے میں کم رکھی گئی ہے۔ — فوٹو: اے ایف پی
کمپنی کے آئی فون 11 کی کی تعارفی قیمت گزشتہ آئی فون کے مقابلے میں کم رکھی گئی ہے۔ — فوٹو: اے ایف پی

مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل انکارپوریشن نے 5 ڈالر فی مہینہ میں ٹی وی اسٹریمنگ سروس اور 3 کیمروں والا نیا آئی فون متعارف کرادیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایپل کا یہ اعلان کمپنی کی سال کی سب سے بڑی تقریب کے دوران سامنے آیا جہاں انہوں نے متعدد نئی مصنوعات متعارف کروائیں۔

ایپل ٹی وی پلس اسٹریمنگ ٹیلی وژن سروس 100 سے زائد ممالک میں نومبر کے مہینے سے دستیاب ہوگی تاہم یہ سروس اور ایپل آرکیڈ ویڈیو گیم سبسکرپشن چین میں دستیاب نہیں ہوگی۔

— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

آئی فون، آئی پیڈ اور میک کے خریدار ایک سال کے لیے ٹی وی کی مفت اسٹریمنگ سروس حاصل کرسکیں گے جس کی وجہ سے لاکھوں ناظرین کی توجہ اس سروس کی جانب مبذول ہوگی۔

ایپل کا کہنا تھا کہ ان کا نیا آئی فون 11، دو بیک کیمروں کے ساتھ ہوگا، جس میں الٹرا وائڈ اینگل لینس بھی شامل ہوگا جبکہ اس میں نیو جنریشن کی مائیکرو چپس اے 13 کا استعمال کیا گیا ہے۔

اس کی تعارفی قیمت بھی گزشتہ سال کے 749 ڈالر کے مقابلے میں تعارفی قیمت 699 ڈالر رکھی گئی ہے۔

اس سے مہنگے آئی فون 11 پرو کے پیچھے 3 کیمرے دیے گئے ہیں، جن میں وائڈ اینگل، ٹیلی فوٹو اور الٹرا وائڈ شامل ہے، یہ فون ایک وقت میں تمام بیک اور فرنٹ کیمروں سے ویڈیوز بناسکتا ہے، اس فون کی قیمت 999 ڈالر سے شروع ہوگی اور مختلف اسٹوریج کے حساب سے الگ الگ قیمت رکھی گئی ہے۔

بڑی اسکرین والے آئی فون 11 پرو میکس کی قیمت 1 ہزار 99 ڈالر سے شروع ہوگی۔

نئے آئی فونز کا آرڈر جمعے سے لیا جائے گا جبکہ لوگوں کو اس کی ترسیل 20 ستمبر سے کی جائے گی۔

— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

واضح رہے کہ آئی فون کے حریف، ہواوے اور سیم سنگ پہلے ہی 3 بیک کیمروں والے موبائل فونز فروخت کررہے ہیں جبکہ ایپل نے اس طرح کا فون پہلی مرتبہ متعارف کروایا ہے۔

مور انسائٹ اینڈ اسٹریٹجی کے تجزیہ کار پیٹرک مور ہیڈ کا کہنا تھا کہ 'صارفین اب بھی کیمروں کی پرواہ کرتے ہیں اور جس کی وجہ سے گزشتہ چند برسوں میں سیم سنگ اور ہواوے کی فروخت ایپل سے زیادہ ہوئی'۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ایپل آئندہ سال تک تقریباً 20 کروڑ آئی فونز فروخت کرلے گا۔

ایپل کی نئی سروس

اسٹریمنگ سروس کی دنیا میں ایپل نے پہلی مرتبہ قدم رکھا ہے جہاں نیٹ فلکس جیسی سروس راج کر رہی ہے۔

— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

والٹ ڈزنی بھی 7 ڈالر فی مہینہ پر 12 نومبر کو اپنی اسٹریمنگ سروس متعارف کروارہی ہے، جس میں ان کے بچوں سے متعلق ویڈیوز بھی شامل ہوں گی۔

تاہم ایپل، ایچ بی او میکس کے گیمز آف تھرونز، فرینڈز جیسے مشہور شوز کو پیچھے چھوڑنے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن ایپل کے لیے مشکل یہ ہے کہ اسے صارفین کو بتانا ہوگا کہ ان کی ڈیوائسز شوز دیکھنے کے لیے بہترین ون اسٹاپ پلیس ہے۔

ایپل نے تقریب کے دوران جدید واچ سیریز 5 بھی متعارف کروائی جس میں ہمیشہ کھلا رہنے والے' (Always On Display) کا فیچر شامل کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 399 ڈالر رکھ گئی ہے۔

— اے ایف پی
— اے ایف پی

تقریب میں ایپل نے اُن کے 7ویں جنریشن کے آئی پیڈ کو بھی متعارف کروایا، جس کی تعارفی قیمت 329 ڈالر ہوگی اور اسے بدھ سے آرڈر کیا جاسکے گا جبکہ اسٹورز میں اسے 30 ستمبر کو پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں