2 ننھے دوستوں کی ملاقات نے انٹرنیٹ صارفین کا دل جیت لیا ہے۔

نیویارک میں 2 سالہ میکس ویل اور فینی گن بہترین دوست ہیں اور ان دونوں کی ملاقات کا منظر میکس ویل کے والد مائیکل سیزنیروس نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔

ان دونوں نے ایک دوسرے کو سڑک پر دیکھا تو ایک دوسرے کی جانب بھاگے اور گلے لگ گئے۔

فینی گن نے پھر میکس ویل کو اپنا کھلونا دکھایا اور پھر ایک دوسرے کے پیچھے بھاگتے ہوئے قہقہے لگانے لگے۔

میکس ویل کے والد کے مطابق 'یہ دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر ہمیشہ بہت زیادہ پرجوش ہوجاتے ہیں، چاہے ایک یا 2 دن ہی دور کیوں نہ رہے ہوں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کھانا، کپڑے، کھلونے غرض سب کچھ شیئر کرتے ہیں۔

انہوں نے فیس بک پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا 'یہ بہت خوبصورت ہے، کاش ہم سب ایسے ہوتے'۔

اس ویڈیو کو اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد بار شیئر کیا جاچکا ہے جبکہ لاتعداد کمنٹس اور لائیکس بھی مل چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں