پولیس اسٹیشنز میں ایس ایچ اوز کے عہدے پر اے ایس پیز کو تعینات کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2019
اس سے قبل مشرف دور میں بھی کراچی اور لاہور کے تھانوں میں ایسا ہی اقدام اٹھایا گیا تھا —فائل فوٹو: فیس بک پنجاب پولیس
اس سے قبل مشرف دور میں بھی کراچی اور لاہور کے تھانوں میں ایسا ہی اقدام اٹھایا گیا تھا —فائل فوٹو: فیس بک پنجاب پولیس

لاہور: وزیراعظم سیکریٹریٹ نے محکمہ پولیس میں اصلاحات متعارف کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) موثر انتظامی امور کے لیے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کےعہدے پر تعینات کیے جائیں گے۔

ایک سینئر عہدیدار نے اس اقدام کو غیر معمولی کہتے ہوئے پولیس حراست میں تشدد اور ہلاکت کے واقعات سامنے آنے کی وجہ سے تحریک انصاف حکومت (پی ٹی آئی) پر ہونے والی تنقید کا نتیجہ قرار دیا۔

اس حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے متعلقہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں اے ایس پیز (گریڈ 17 افسران) کو اسلام آباد کے کچھ تھانوں میں تعینات کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: پولیس افسران کو 120 سال پرانے اختیارات واپس مل گئے

ان کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب آغاز ہونے کے بعد دیگر صوبوں بالخصوص سب سے زیادہ پولیس اسٹیشن رکھنے والے صوبے پنجاب میں بھی یہ طریقہ کار متعارف کروادیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دہائیوں پرانے نظام کے تحت ملک بھر میں انسپکٹر اور سب انسپکٹر کو ایس ایچ او کے عہدے پر تعینات کیا جاتا ہے جبکہ پنجاب میں زیادہ تر یہ عہدہ گریڈ 14 کے حامل سب انسپکٹروں کے پاس ہے۔

اس ضمن میں عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت چاہتی ہے کہ پولیس اسٹیشنز میں موثر انتظامیہ بدعنوانی، ہراسانی، طاقت کے غلط استعمال، ناقص تفتیش اور قانون کے غلط اطلاق جیسے مسائل کو دور کرے۔

مزید پڑھیں: پولیس کا نظام درست نہ ہو تو نظام انصاف پر اثر پڑتا ہے، چیف جسٹس

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سیکریٹریٹ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور اسلام آباد پولیس کے سربراہ عامر ذوالفقار کو پولیس اسٹیشنز میں بہتر انتظامیہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

عہدیدار کے مطابق متعلقہ حکام نے اس سلسلے میں ایک اجلاس بھی کیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ اسلام آباد پولیس کو اے ایس پیز کی کمی کا سامنا ہے۔

چنانچہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے صوبوں سے مطالبہ کیا کہ کچھ اے ایس پیز اسلام آباد کے حوالے کردیے جائیں اور اگر ایسا نہ ہوسکا تو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس پولیس (ڈی ایس پیز) کو ایس ایچ او تعینات کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کا نظام درست نہ ہو تو نظام انصاف پر اثر پڑتا ہے، چیف جسٹس

ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ یہ منصوبہ نیا نہیں بلکہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی متعارف کروایا گیا تھا جس کے تحت کراچی اور لاہور میں کچھ پولیس اسٹیشنز میں اے ایس پی تعینات بھی کیے گئے تھے البتہ مختلف وجوہات کی بنا پر یہ منصوبہ کچھ ماہ بعد ہی ناکامی سے دوچار ہوگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں