کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مظفر آباد میں جلسہ، کھلاڑی اور شوبز ستارے بھی شریک

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2019
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد  جلسے میں ملک کے معروف کھلاڑیوں اور شوبز ستاروں  نے بھی شرکت کی
 — فوٹو: شہزاد رائے ٹوئٹر
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد جلسے میں ملک کے معروف کھلاڑیوں اور شوبز ستاروں نے بھی شرکت کی — فوٹو: شہزاد رائے ٹوئٹر

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد میں منعقد کیے جانے والے جلسے میں ملک کے معروف کھلاڑیوں اور شوبز ستاروں نے بھی شرکت کی۔

مظفر آباد میں منعقد جلسے میں شاہد آفریدی، ہمایوں سعید، جاوید شیخ، فاخر محمود، حریم فاروق مایا علی اور ساحر علی بگا نے شرکت کی۔

جلسے کے دوران گلوکار ساحر علی بگا اور فاخر محمود نے شرکا کو اپنی مسحور کن آواز سے محظوظ بھی کیا۔

شاہد آفریدی نے مظفرآباد میں منعقد جلسے سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کشمیر کے ساتھ ہوں میں ہر ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بات صرف کشمیر کی نہیں انسانیت کی ہے، دنیا کے کسی کونے میں بھی ظلم ہوگا ہم پاکستانی ہمیشہ ظلم کے خلاف اٹھائیں گے۔

مزید پڑھیں: پہلے مجھے اقوام متحدہ جانے دیں، پھر بتاؤں گا لائن آف کنٹرول کب جانا ہے، وزیراعظم

اداکار ہمایوں سعید نے مظفر آباد میں جلسے سے مختصر خطاب میں کہا کہ میں دیکھتا ہوں جہاں بھی دنیا میں ظلم ہوتا ہے ہم پاکستانی آواز اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج کشمیری بھائیوں کے لیے جمع ہوئے اور وہ جس تکلیف میں مبتلا ہیں انہیں اس تکلیف سے نجات دلائیں گے۔

اداکار جاوید شیخ نے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام فنکار کشمیر کی محبت میں یہاں موجود ہیں اور ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں یہ بتانے آئے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم، ہر بچہ، ہر بوڑھا اور جوان کشمیر کاز کے ساتھ ہے، جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم آخری دم تک ساتھ دیں گے۔

مظفرآباد جلسے میں آمد سے قبل اداکار ہمایوں سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان کی کال پر کشمیر کی جانب گامزن ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آج (13 ستمبر کو) مظفر آباد میں بڑے جلسے میں شرکت کریں گے‘۔

پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ’اظہارِ یکجہتی کے لیے لالہ شاہد آفریدی کے ساتھ مظفرآباد کی جانب گامزن ہیں‘۔

گلوکار فاخر محمود نے اداکاروں کے ہمراہ مظفر آباد روانگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

قبل ازیں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں آپ کو بتاؤں گا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کب جانا ہے پہلے مجھے اقوام متحدہ جانے دیں اور کشمیر کا مقدمہ لڑنے دیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا مجھے پتہ ہے آپ لائن آف کنٹرول کی جانب جانا چاہتے ہیں لیکن ابھی لائن آف کنٹرول کی طرف نہیں جانا جب تک میں آپ کو نہیں بتاؤں گا، میں آپ کو بتاؤں گا کہ کب جانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی: وزیراعظم کا مظفرآباد میں 'بڑے جلسے' کا اعلان

عمران خان نے کہا کہ پہلے مجھے اقوام متحدہ جانے دیں، دنیا کے رہنماؤں کو بتانے دیں اور کشمیر کا مقدمہ لڑنے دیں، اور انہیں بتانے دیں کہ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو اس کا اثر ساری دنیا پر جائے گا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے محاصرے کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروانے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم کے اعلان کے بعد کھلاڑی اور شوبز ستاروں نے جلسے کی حمایت کرتے ہوئے شرکت کا اعلان کیا تھا اور عوام سے بھی شرکت کی اپیل کی تھی۔

اس سے قبل ہمایوں سعید نے ایک اور ٹوئٹ میں مظفر آباد جلسے میں شرکت کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ’میں مظفرآباد جلسے میں شرکت کروں گا، میں آپ سب سے بھی شرکت کرنے کی اپیل کرتا ہوں‘۔

ہمایوں سعید نے مزید کہا تھا کہ ’آئیں اور دنیا کو دکھائیں کہ اس مشکل ترین وقت میں ہم متحد ہو کر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔

اداکارہ مایا علی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ’آئیں کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہوں، میں مظفر آباد میں جلسے میں شرکت کروں گی‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’میں آپ سب سے درخواست کرتی ہوں کہ جلسے میں شرکت کریں، یہ ساتھ کھڑے ہونے اور اپنی آواز بلند کرنے کا وقت ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں