میچ فکسنگ الزامات پر آئی سی سی کی منصور اختر سے تفتیش

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2019
آئی سی سی کی جانب سے عمر اکمل سمیت دیگر کرکٹرز سے تفتیش بھی متوقع ہے— فوٹو: بشکریہ آئی سی سی
آئی سی سی کی جانب سے عمر اکمل سمیت دیگر کرکٹرز سے تفتیش بھی متوقع ہے— فوٹو: بشکریہ آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کی جانب سے لگائے گئے میچ فکسنگ الزامات پر قومی ٹیم کے سابق کرکٹر منصور اختر سے تفتیش کی۔

19 ٹیسٹ اور 41 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے منصور اختر سے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے افسر اسٹیو رچرڈسن نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک گھنٹے تک سوالات کیے۔

مزید پڑھیں: سابق ٹیسٹ کرکٹر کی عمر اکمل کو میچ فکسنگ کی پیشکش

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ بھی موقع پر موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے منصور اختر سے مزید تفتیش کی توقع ہے جبکہ اس سلسلے میں ان کی عمر اکمل سمیت دیگر کرکٹرز سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

عمر اکمل نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں قومی ٹیم کے ایک سابق ٹیسٹ کرکٹر نے لیگ کے دوران میچ فکسنگ کی پیشکش کی جس پر انہوں نے فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ لیگ کی انتظامیہ کو بھی معاملے سے آگاہ کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وہ سابق کرکٹر منصور اختر تھے جو خود بھی گلوبل ٹی20 لیگ میں ونی پیگ ہاکس کے ساتھ بحیثیت آفیشل منسلک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش: عمر اکمل کیخلاف آئی سی سی کی تحقیقات

یہ پہلا موقع نہیں کہ عمر اکمل کو میچ فکسنگ کی پیشکش ہوئی ہو بلکہ اس سے قبل بھی وہ فکسنگ کی پیشکش کا دعویٰ کر چکے ہیں۔

گزشتہ سال نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمر اکمل نے انکشاف کیا تھا کہ 2015 میں بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں انہیں اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں