وزیراعظم کا طور خم بارڈر کا دورہ آخری لمحات میں ملتوی

اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2019
وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد سے طورخم کی جانب یہ پہلا دورہ تھا—تصویر: انسٹاگرام عمران خان
وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد سے طورخم کی جانب یہ پہلا دورہ تھا—تصویر: انسٹاگرام عمران خان

لنڈی کوتل: وزیراعظم عمران خان نے جمعے کی شب آخری لمحات میں پاک افغان سرحد طورخم بارڈر کا دورہ ملتوی کردیا۔

وزیراعظم کو پاک افغان سرحد کے 24 گھنٹے فعال رہنے کا باضابطہ افتتاح کرنا تھا جس کے لیے آج (ہفتے کے روز) ان کا دورہ طے کیا گیا تھا، مذکورہ دورہ اب 18 ستمبر کو ہوگا۔

حکام نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ وزیراعظم کی اسلام آباد میں سخت مصروفیت کے باعث ملتوی کیا گیا، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جولائی سے اب تک تیسری مرتبہ افتتاحی تقریب ملتوی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ کراچی: تاجروں کو ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی

حکام نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا منصب سنبھالنے کے بعد سے طورخم کی جانب یہ پہلا دورہ تھا جس کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور صوبائی پولیس کے بہترین 70 دستوں سمیت اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورے کے پیشِ نظر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے بارڈر کراسنگ بند کردی گئی تھی جبکہ پولیس نے لنڈی کوتل بازار بھی بند کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

اس حوالے سے عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ امیگریشن ڈپارٹمنٹ، نیشنل لاجسٹک سیل اور کسٹم عملے کے اراکین کو ہفتے کے روز بارڈر پر ہونے والی تقریب کے موقع پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا دورہ ترکی

اسی سلسلے میں صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان نے گزشتہ روز بارڈر کراسنگ پر موجود طبی سہولیات کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ صحت کی سیاحت کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان طورخم طبی مرکز میں فلٹر پلانٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔


یہ خبر 14 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں