’بھارت سے ڈیل ہورہی ہے نہ ہی اسرائیل سے تعلقات بحال‘

اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2019
شیخ رشید کے مطابق عالمی معاملات میں دنیا کے تمام سپر پاور اپنا مفاد دیکھتے ہیں۔ — فائل فوٹو: ٹوئٹر
شیخ رشید کے مطابق عالمی معاملات میں دنیا کے تمام سپر پاور اپنا مفاد دیکھتے ہیں۔ — فائل فوٹو: ٹوئٹر

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہورہی اور نہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کیے جارہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلہ پر تمام جماعتیں اکٹھی ہورہی ہیں.

انہوں نے کہا کہ اب بات بہت آگے بڑھ چکی ہے، اب عالمی سیاست میں تبدیل ہورہی ہے، چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور مستقبل میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ عالمی معاملات میں دنیا کے تمام سپر پاور اپنا مفاد دیکھتے ہیں، امریکا وکٹ کے دونوں طرف کھیلے گا۔

مزید پڑھیں: 'مودی کے احمقانہ اقدامات بھارت کو لے ڈوبیں گے'

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دنیا میں سب سے اعتمادی دوست چین ہے جس نے سلامتی کونسل میں یہ کیس لے جانے پر پاکستان کی حمایت کی تھی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ میں چین اور ترکی جیسے ممالک کا آشیرباد حاصل ہے، تاہم دیگر ممالک کے اپنے اپنے مفادات ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی اور نہ ہی اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات بحال ہونے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ مودی نے جو غلطی کی ہے وہ پاکستان کے حق میں جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کو کرنٹ کا جھٹکا، خطاب ادھورا چھوڑ دیا

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا، تاہم اگر جنگ ہوئی تو ہم نے بھی اپنے ٹارگیٹ طے کیے ہوئے ہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ ہمیں کب اور کتنا مصالحہ استعمال کرنا ہے۔‘

’سپریم کورٹ جمہوریت، ادارے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں‘

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اس ملک میں جمہوریت کی ضمانت ہے اور یہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام ادارے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں: اکتوبر،نومبر میں پاک۔بھارت جنگ ہوتی دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ موسم کے ساتھ ساتھ سیاست بھی تبدیل ہورہی ہے، شہباز شریف دوبارہ مارکیٹ میں آگئے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز آخری نہیں ہوتی، اور نہ ہی ملک میں کوئی قومی حکومت بننے جارہی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کے اسلام آباد میں دھرنے سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’نواز شریف اور آصف زرداری جیسے لوگ اس دھرنے میں نہیں آرہے تو مولانا کو بھی اس حوالے سے سوچنا چاہیے۔‘

کراچی میں 149 لاگو کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ معاملہ اب تک کابینہ میں ہی نہیں آیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں