سنبل اقبال اور شہزاد شیخ ایک ساتھ پہلے ڈرامے میں کیا کررہے ہیں؟

16 ستمبر 2019
دونوں اداکار پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے — فوٹو/ اسکرین شاٹ
دونوں اداکار پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے — فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکارہ سنبل اقبال کا شمار ان فنکاراؤں میں کیا جاتا ہے جو اپنے کیریئر میں ایک کے بعد ایک بہترین پروجیکٹس کا حصہ بنتی آرہی ہیں۔

اور اب اداکارہ نے ایک اور نیا پروجیکٹ سائن کردیا جس میں وہ اداکارہ شہزاد شیخ کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

اس ڈرامے کی پروڈکشن ایم ڈی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: ’کہاں ہو تم‘ میں سنبل اقبال کا منفرد کردار

اداکارہ نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ 'اس ڈرامے کی کہانی نہایت سنجیدہ ہے، جو ایک جوڑے کی زندگی پر مبنی ہے، ڈرامے کے کردار شہاب اور چندا خاندان کی مرضی اور اجازت کے بغیر شادی کرتے ہیں اور آخر میں ان دونوں کو فیملی کی قدر کا اندازہ ہوتا ہے'۔

سنبل اقبال اس وقت 'جال' نامی ڈرامے میں بھی کام کررہی ہیں۔

اس حوالے سے اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ 'میں یہ ضرور کہوں گی کہ اس نئے ڈرامے میں میرا کردار اس سے بالکل منفرد ہے جو میں جال میں نبھارہی ہوں، یہ پہلا پروجیکٹ ہے جس میں، میں شہزاد کے ساتھ کام کررہی ہوں، مجھے امید ہے شائقین کو ہماری جوڑی پسند آئے گی'۔

دوسری جانب شہزاد شیخ کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'ہم نے ڈرامے کی شوٹنگ کا آغاز بھی کردیا اور سنبل ایک بہترین ساتھی اداکار ثابت ہورہی ہیں، یہ ایک رومانوی کہانی ہے اور مجھے میرا کردار بےحد پسند آرہا ہے'۔

اب تک اس ڈرامے کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا، اس کی کہانی ثمینہ اعجاز نے تحریر کی جبکہ ہدایات صائمہ وسیم دے رہی ہیں۔

ڈرامے کو رواں سال کے آخر میں ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں