بچپن کی یادیں یقیناً سب کے لیے بےحد خاص ہوتی ہیں، اور ہم سب کے لیے ان یادوں کا کوئی ایک ایسا حصہ ضرور ہوتا ہے جو ہمیشہ یاد رہتا ہے، پھر چاہے وہ کسی کے ساتھ گزارا وقت ہو، کوئی فلم یا پھر گانا۔

ماضی میں سامنے آئے کچھ گانے ایسے ہیں جو اتنے یادگار بن چکے ہیں کہ لوگوں کو آج بھی یہ اس ہی طرح یاد ہیں۔

ایسا ہی ایک گانا ڈیری ملک چاکلیٹ برینڈ کے لیے بنایا گیا گانا 'کتنا مزہ آئے رے، دنیا ڈیری ملک کی بن جائے' ہے، جو ہمارے بچپن کا سب سے من پسند گانا تھا۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں یہ گانا کس گلوکار نے گایا؟

بچوں کا پسندیدہ یہ گانا کسی اور نے نہیں بلکہ نوجوان پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے گایا ہے۔

یہ انکشاف گلوکار نے خود سوشل میڈیا پر کیا جسے جان کر مداح بےحد حیران ہورہے ہیں۔

لوگوں کے سامنے یہ راز اس وقت سامنے آیا جب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ پر عاصم اظہر کی ایک تصویر شیئر کرنے کے ساتھ مداحوں سے سوال پوچھا گیا کہ انہیں سب سے پہلے عاصم کا کون سا گانا یاد آتا ہے؟

اس پر ایک صارف نے جواب دیا کہ انہیں عاصم اظہر کو دیکھ کر سب سے پہلے ان کے گانے 'کتنا مزہ آئے' کی یاد آتی ہے۔

جس کے بعد صارفین نے اپنی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوالات شروع کردیے کہ کیا واقعی یہ گانا عاصم اظہر نے گایا ہے؟

جس کے بعد عاصم اظہر نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے 'کتنا مزہ آئے رے' ڈیری ملک والا گانا اس وقت ریکارڈ کروایا تھا جب وہ 10 سال کے تھے۔

گلوکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے صرف ڈیری ملک کا گانا ہی نہیں بلکہ کوکومو مجھے بھی دو گانے کی گلوکاری بھی کی ہے۔

جبکہ ان دونوں گانوں کو اپنے بہترین گانے قرار دیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عاصم اظہر نے 2013 میں بھی ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ 'کتنا مزہ آئے رے' گانا انہوں نے گایا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں