پرتعیش زندگی گزارنے والے پانڈے کی موت پر لوگ افسردہ

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2019
چانگ چانگ نامی پانڈے کو 2003 میں تھائی لینڈ منتقل کیا گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
چانگ چانگ نامی پانڈے کو 2003 میں تھائی لینڈ منتقل کیا گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

متعدد جزائر پر مشتمل ملک تھائی لینڈ کے ایک چڑیا گھر میں انتہائی پرتعیش زندگی گزارنے والے چین سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ پانڈا کی موت پر کئی لوگ افسردہ ہیں۔

تھائی لینڈ کے صوبے چیانگ مائی کے دارالحکومت چیانگ مائی کے معروف چڑیا گھر میں رہنے والے 19 سالہ پانڈا ’چانگ چانگ‘ کو ان کی جنسی زندگی کے حوالے سے شہرت حاصل تھی۔

’چانگ چانگ‘ کو چین کے صوبے سیچوان سے 2003 میں ایک مادہ پانڈا ’لان ہوئی‘ کے ساتھ تھائی لینڈ منتقل کیا گیا تھا۔

پانڈا کے جوڑے کو انتہائی نگہداشت کے ساتھ ایئرکنڈیشنڈ علاقے میں رکھا گیا تھا اور نر پانڈا کو خصوصی غذا دی جاتی تھی۔

تھائی لینڈ کے چڑیا گھر کے ماہرین نے نر پانڈے کو خصوصی غذائیں دینے سمیت انہیں دیگر نر و مادہ پانڈوں کے جنسی ملاپ کی ویڈیوز دکھانے کا بھی اہتمام کر رکھا تھا تاکہ وہ اپنی مادہ پانڈا سے مباشرت کر سکے۔

’چانگ چانگ‘ کو ڈائٹ پر رکھنے سمیت ان کو جنسی خواہشات بڑھانے والی غذائیں بھی دی جاتی تھیں لیکن ماہرین کوئی خاص کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ماہرین نے بعد ازاں مصنوعی طریقے کو استعمال کرتے ہوئے ’چانگ چانگ‘ کی مادا پانڈا کو بچے پیدا کرنے کے قابل بنایا تھا اور 2009 میں ’لان ہوئی‘ کے ہاں بچہ ہوا تھا۔

’چانگ چانگ‘ کو پرتعیش زندگی گزارنے، خصوصی غذائیں کھانے اور ویڈیوز دکھائے جانے کی وجہ سے شہرت حاصل تھی اور چینی افراد سمیت تھائی لینڈ کے لوگ وقتا بوقتا اس پانڈا سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹس کرتے رہتے تھے۔

چینی خبر رساں ادارے ’شنوا‘ نے اپنی رپورٹ میں تھائی لینڈ کے شہر چیانگ مائی میں چینی قونصلیٹ جنرل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی پانڈے کی اچانک موت کی تحقیقات کی جائیں گی۔

قونصلیٹ جنرل کے مطابق جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے کام کرنے والے چینی ماہرین کی ٹیم تھائی لینڈ کے چڑیا گھر کا دورہ کرے گی اور تھائی حکام کے ساتھ پانڈے کی اچانک موت کی تحقیق کریں گے۔

دوسری جانب نر پانڈا کی موت پر چینی و تھائی لینڈ کے درجنوں افراد نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اچانک موت پر خدشات کا اظہار کیا۔

کئی صارفین نے الزام عائد کیا کہ تھائی لینڈ میں جانوروں کا خیال نہیں رکھا جاتا اور پانڈے کی ہلاکت بھی ان کا مناسب خیال نہ رکھنے کی وجہ سے ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں