ایف بی آر کا ٹیکس ایپلکیشن کی کامیابی کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2019
اس ایپلکیشن کے ذریعے آن لائن ایک ہزار 753  ریٹرنز ڈرافٹ کیے گئے—تصویر: ثوبیہ شاہد
اس ایپلکیشن کے ذریعے آن لائن ایک ہزار 753 ریٹرنز ڈرافٹ کیے گئے—تصویر: ثوبیہ شاہد

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ ٹیکس ریٹرن کو آسان بنانے کے لیے متعارف کروائی گئی موبائل ایپلیکیشن کا 2 روز کے اندر ہی ہزاروں مرتبہ ڈاؤن لوڈ ہونا اور ڈیجیٹلی 98 سیلری ریٹرنز آنا اس کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’ٹیکس آسان‘ نامی ایپ پیر 16 ستمبر کو فعال ہوئی، جس کا دائرہ کار صرف تنخواہ سے ہونے والی آمدنی تک محدود ہے۔

اس ضمن میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ادارے نے صرف تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے ایپلکیشن اپڈیٹ کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سے ٹیکس دہندگان کو اپنے ٹیکس ریٹرن بغیر کسی پریشانی کے جمع کروانے میں بہت مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے آن لائن ٹیکس پروفائل نظام متعارف کروادیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ بروقت ٹیکس جمع کروانے کے لیے ہم ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ اس ایپلکیشن کا استعمال کریں اور واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کر کے ملک کو مضبوط بنائیں۔

شبر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ایپ ابھی ٹرائل بیسز (آزمائشی بنیادوں) پر ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں اس کا حوصلہ افزا ردِ عمل ملا۔

خیال رہے کہ بدھ تک گوگل کے آفیشل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ میں مذکورہ ایپلیکیشن 20 ہزار مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی جاچکی تھی جبکہ ایپل کمپنی کے آئی او ایس موبائل اپریٹنگ سسٹم میں 6 ہزار سے زائد مختلف صارفین نے اس ایپلکیشن کو ڈاؤن لوڈ کیا۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر:سیلز ٹیکس ریٹرنز کی نگرانی کیلئے سوفٹ ویئر کا افتتاح

دوسری جانب تنخواہوں کا ریٹرن جمع کروانے کے اعداد و شمار کے مطابق اس ایپلکیشن کے ذریعے آن لائن ایک ہزار 753 ریٹرنز ڈرافٹ کیے گئے جبکہ 98 ریٹرنز جمع کروادیے گئے ہیں جو چیئرمین ایف بی آر کے مطابق اس کی کامیابی کا مظہر ہے۔

اس کے علاوہ ایف بی آر نے مختلف اشخاص، تنخواہ دار طبقے اور مختلف اداروں کے سال 2019 کے ٹیکس کے لیے ضروری ترامیم کے بعد ریٹرن کے نئے الیکٹرونک فارم بھی اپ لوڈ کردیے ہیں۔

خیال رہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی حتمی تاریخ 30 ستمبر ہے۔

ادھر ایک سینئر ٹیکس عہدیدار کے مطابق مذکورہ ایپ محض چند تبدیلیوں کے ساتھ صرف تنخواہ سے حاصل ہونے والی آمدنی کے لیے ہے جبکہ اس میں آمدنی کی نئے اسٹیٹمنٹ دینے کا کوئی آپشن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کا ٹیکس دہندگان کیلئے سنگل پورٹل کے آغاز کا فیصلہ

اس کے علاوہ بھی ’ٹیکس آسان‘ نامی اس ایپلکیشن میں متعدد خامیاں موجود ہیں جن میں ایک یہ کہ اگر کسی شخص کو کرائے، کاروبار اور املاک سے کوئی آمدنی ہو تو اس کا حساب کتاب نہیں لگایا جاسکتا۔

علاوہ ازیں ٹیکس کی ادائیگی کے لیے اس ایپ کا استعمال کرنے والوں کی رہنمائی کے لیے کوئی طریقہ کار بھی موجود نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں