ٹرانسپورٹ کے شعبے کو ایل این جی کی فراہمی کے لیے ایگزون موبل سے معاہدہ

19 ستمبر 2019
وزارت توانائی کے مطابق ایل این جی کی پہلی شپمنٹ آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے — فائل فوٹو/ڈان اخبار
وزارت توانائی کے مطابق ایل این جی کی پہلی شپمنٹ آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے — فائل فوٹو/ڈان اخبار

اسلام آباد: یونیورسل گیس ڈسٹربیوشن کمپنی (یو جی ڈی سی) نے ملک کے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو ایل این جی کی فراہمی کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ آئل اور گیس کی تجارت کرنے والی کمپنی ایگزون موبل سے معاہدہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 'معاہدے کے بعد ایل این جی کی پہلی شپمنٹ آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے جس سے پاکستان میں گیس کا پورا منظر ہی تبدیل ہوجائے گا'۔

معاہدے پر ایگزون مابل کے نائب صدر رچرڈ رے فیلڈ اور یو جی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو غیاث عبداللہ پراچہ کے درمیان ہیوسٹن، ٹیکساس میں دستخط ہوئے جہاں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: درآمدی ایل این جی سے قومی خزانے کو 3 ارب ڈالر کا فائدہ

واضح رہے کہ سرکاری نمائندگان اس وقت امریکا میں ایل این جی کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔

غیاث عبداللہ پراچہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر معاہدے کے تحت پہلے سال میں 4 کارگو آئیں گے جس میں آہستہ آہستہ سی این جی کے شعبے کی بحالی کے ساتھ اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے آخر کے لیے کارگو کا انتظام کرلیا گیا ہے جس کے لیے قانونی طریقہ کار پہلے ہی موجود ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کاروبار میں آسانی پر خصوصی توجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'معاہدے سے سی این جی کی قیمت پیٹرول کی قیمت سے 30 فیصد کم ہوجائے گی اور ہمیں امید ہے کہ 2 سال میں 20 لاکھ نئی گاڑیاں سی این جی میں منتقل ہوجائیں گی'۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا تھا کہ 'معاہدے سے پہلی مرتبہ نجی سطح پر ملک میں ایل این جی درآمد کرنا ممکن ہوگا اور ایل این جی کی آئندہ ماہ آنے والی پہلی شپمنٹ سے پاکستان میں گیس کا نظریہ ہی تبدیل ہوجائے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: نئے ایل این جی ٹرمینل کے مقام کے تعین کیلئے اسٹڈی کا حکم

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر، چیئرمین ایل این جی مارکیٹ ڈیولپمنٹ الیکس وولکوف، صدر مارکیٹ ڈیولپمنٹ ایگزون موبل اتضیٰ سید، کنٹری مینیجر پاکستان ایگزون موبل شاہ رخ مرزا، وزارت پیٹرولیم اور یو جی ڈی سی کے سینئر حکام اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ندیم بابر کا کہنا تھا کہ 'یہ تاریخی لمحہ ہے کہ ایگزون موبل نے پاکستان میں 20 سال کے خلا کے بعد سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نظریے کے مطابق کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خود کو گیس کی درآمدات سے دور کرنا چاہتی ہے اور یہ معاہدہ اس کا پہلا قدم تھا۔

اس موقع پر الیکس وولکوف اور ارتضیٰ سید کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی نے پاکستان میں 2 دہائیوں بعد صارفین کو روزانہ کی بنیاد پر سستی اور ماحول دوست گیس فراہم کرنے کے لیے سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم یو جی ڈی سی کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان میں گیس کی قلت پر قابو پایا جاسکے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں