مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت سے خطے کا ماحول بگڑ رہا ہے، نیول چیف

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2019
نیول چیف نے کہا کہ ہماری قومی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا امکان ہے —فوٹو: پاک نیوی
نیول چیف نے کہا کہ ہماری قومی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا امکان ہے —فوٹو: پاک نیوی

کراچی: امیر البحر (چیف آف نیول اسٹاف) ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی انضمام کے حالیہ اقدام اور وادی میں بھارتی مسلح افواج کے ظلم اور سفاکیت کے باعث خطے کا سیاسی و جغرافیائی ماحول بگڑ رہا ہے۔

پاک بحریہ کی ساتویں جنگی مشق شمشیرِ بحر اور دوسری لاجسٹک مشق ترسیلِ بحر کی اختتامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ موجودہ ماحول کے پیش نظر مستقبل قریب میں ہماری قومی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا سامنا رہنے کا امکان ہے تاہم پاک بحریہ حکومتی پالیسیوں اور دیگر افواج کے ساتھ ہم آہنگ اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی بلیو اکانومی اور امیر البحر کا شکوہ

علاوہ ازیں نیول چیف نے پاک بحریہ کے منصوبوں کو عسکری اور قومی سیکیورٹی پالیسی سے ہم آہنگ رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل، آپریشنل طریقہ کار اور ترقیاتی حکمت عملی وضع کرنے میں جنگی مشقوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مزید زور دیا کہ ہم پر لازم ہے کہ ہم امن اور جنگ دونوں صورتوں میں پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع اور سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کا لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے نظریات کی پیداوار ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بنیاد پرستی کی پالیسیوں کا نفاذ چاہتی ہے۔

نیول چیف نے خبردار کیا کہ مذکورہ بھارتی پالیسیاں مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک ٹکراو کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔

انہوں نے جنگی مشقوں کے انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشنل منصوبوں، ترقیاتی اور جنگی حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پیش کی جانے والی سفارشات کو سراہا۔

مزیدپڑھیں: پاک سعودی بحری افواج کی پندرہ روزہ مشق اختتام پذیر

اس سے قبل تقریب میں آمد پر ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) اور مشق کے انتظامی افسر ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مہمان خصوصی امیرالبحر ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔

علاوہ ازیں مشق کا جائزہ پیش کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مشقوں کے مقاصد، مشقوں کے دوران بروئے کار لائے گئے طریقہ کار اور پاک بحریہ کی حکمت عملی کے مختلف پہلوﺅں سے متعلق سفارشات پیش کیں۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں