'وہ میری زندگی کے سب سے خوفناک 60 سے 90 سیکنڈ تھے'

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2019
طیارے کے اندر کا ایک منظر — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ایف ٹی ایس
طیارے کے اندر کا ایک منظر — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ایف ٹی ایس

تصور کریں آپ کا طیارہ لگ بھگ 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا ہوں مگر چند منٹوں میں وہ اچانک 10 ہزار فٹ پر پہنچ جائے، وہ بھی اس وقت جب اس کو لینڈ بھی نہ کرنا ہو، تو کیا حال ہوگا؟

ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ امریکا میں پیش آیا جہاں ڈیلٹا ائیرلائن کی ایک پرواز 7 منٹ میں لگ بھگ 30 ہزار فٹ نیچے آگئی، جس کے بعد مسافروں نے اپنے پیاروں کو الوداعی پیغامات بھیجنا شروع کردیئے جبکہ طیارے کا عملہ پریشان افراد کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرتا رہا۔

بدھ کو یہ پرواز اٹلانٹا سے فورٹ Lauderdale جارہی تھی اور آدھا فاصلہ طے کرلیا تھا جب اچانک وہ 39 ہزار فٹ کی بلندی سے 10 ہزار فٹ پر آگئی۔

فضائی کمپنی کے مطابق اس کی وجہ کیببن کے دباﺅ میں اتار چڑھاﺅ تھا۔

مسافروں نے ڈبلیو ایف ٹی ایس سے بات کرتے ہوئے اس خوفناک تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں لگ رہا تھا کہ اب وہ بچ نہیں سکیں گے۔

ایک مسافر ہیرس ڈیوسکین نے کہا 'اچانک مجھے کچھ عجیب سا لگا اور بلندی تیزی سے کم ہونے لگی جبکہ طیارے کے اوپری حصے سے آکسیجن ماسک گرنے لگے، اس کے بعد مسافروں میں افراتفری پھیل گئی'۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنی گرل فرینڈ ارو گھروالوں کو آگاہ کیا کہ طیارے میں کچھ خوفناک ہورہا ہے 'ایک ائیرہوسٹس نے انٹرکام پکڑا اور بار بار کہنے لگی، پریشان مت ہوں، پریشان مت ہوں، مگر ایسے لمحات میں تو ایسا ہوتا ہی ہے، میرے ارگرد بیشتر افراد بہت زیادہ دہشت زدہ ہوگئے تھے'۔

مسافروں نے ویڈیو اور تصاویر بھی لیں جس میں مسافروں کو دکھایا گیا ہے کیونکہ وہ جاننا چاہتے تھے کہ آخر آکسیجن ماسک کیوں باہر نکل رہے ہیں۔

ہیرس کے مطابق 'زندگی کا کوئی بھروسا نہیں، وہ میری زندگی کے سب سے خوفناک 60 سے 90 سیکنڈ تھے جب ہمیں معلوم ہی نہیں تھا کہ آخر ہوکیا رہا ہے'۔

فلائٹ اوئیر کے ابتدائی ڈیٹا کے مطابق یہ طیارہ 4 بج کر 34 منٹ پر 39 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا مگر 4 بج کر 42 منٹ پر یہ 9 ہزار 975 فٹ پر پہنچ گیا۔

بعد ازاں طیارے کا رخ Tampa کی جانب موڑ دیا گیا اور وہ وہاں بغیر کسی نقصان کے لینڈ کرگیا، اب وہاں جائزہ لیا جارہا ہے کہ طیارے کے ساتھ کیا مسئلہ تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں