پی وی سندھو نے چند میڈلز بھی حاصل کر رکھے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
پی وی سندھو نے چند میڈلز بھی حاصل کر رکھے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کی بیڈمنٹن کی کھلاڑی 24 سالہ پسرلا وینکٹ (پی وی) سندھو یوں تو اپنے کھیل کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں، تاہم گزشتہ ہفتے سے وہ ایک منفرد خبر کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔

میڈل حاصل کرنے والی کم عمر کھلاڑی گزشتہ ہفتے اس وقت منفرد خبروں کی زینت بنیں جب ان کے ہم وطن 70 سالہ شخص نے ان سے شادی کے لیے حکومت کو ایک درخواست دی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق گزشتہ ہفتے ریاست تامل ناڈو کے ضلع رام ناتھ پورم میں ضلعی کلیکٹر آفیسر کی جانب سے منعقد کی گئی کھلی کچہری میں ایک عمر رسیدہ شخص نے خود سے 46 سال کم عمر کھلاڑی سے شادی کروانے کی درخواست دائر کی۔

ضلعی افسر نے دراصل عوام کے مسائل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا تھا اور اس میں انہیں اپنے مسائل تحریری طور پر جمع کرانے کی اجازت تھی۔

70 سالہ شخص نے کھلاڑی سے شادی کے لیے ضلعی حکومت کو درخواست جمع کروادی—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
70 سالہ شخص نے کھلاڑی سے شادی کے لیے ضلعی حکومت کو درخواست جمع کروادی—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

اسی کچہری میں ضلع کے رہائشی 70 سالہ ملائسامی نے ضلعی افسر کو تحریری طور پر درخواست جمع کرائی جس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی شادی 24 سالہ پی وی سندھو سے کروائی جائے۔

70 سالہ شخص نے اپنی درخواست میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی وی سندھو سے ان کی شادی کے انتظامات کیے جائیں، دوسری صورت میں وہ خود اس حوالے سے قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

عمر رسیدہ شخص نے اپنی درخواست میں حکومت کو دھمکی دی کہ اگر ان کی شادی پی وی سندھو سے سرکاری سطح پر نہیں کرائی گئی تو وہ بیڈمنٹن کھلاڑی کو اغوا کرکے ان سے شادی کر لیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عمر رسیدہ شخص نے کلیکٹر کو جمع کرائی گئی درخواست میں دعویٰ کیا کہ ان کی عمر 70 برس نہیں بلکہ محض 16 سال ہے۔

درخواست جمع کرانے والے شخص نے خود کو کم عمر لڑکا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی پیدائش 4 اپریل 2004 کو ہوئی ہے۔

انہوں نے درخواست میں مزید لکھا کہ وہ پی وی سندھو کے کھیل اور محنت سے بہت متاثر ہیں اور وہ ان سے شادی کرکے ان کے جیون ساتھی بننا چاہتے ہیں۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ عمر رسیدہ شخص کی درخواست پر ضلعی حکومت نے کیا اقدامات اٹھائے، تاہم 70 سالہ شخص کی جانب سے خود سے 46 سال کم عمر کھلاڑی سے شادی کی خواہش کی خبر نے پورے بھارت کو حیران کردیا۔

خیال رہے کہ پی وی سندھو نے بھارت کے لیے بیڈمنٹن میں اولمپک میں چاندی کے تمغے جیتنے سمیت دیگر میڈل جیت رکھے ہیں۔

پی وی سندھو کا شمار بھارت کی بیڈمنٹن کی معروف ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، انہیں سائنا نہوال کے بعد دوسری بڑی کھلاڑی مانا جاتا ہے۔

پی وی سندھو نے اولمپک میں بھی میڈل جیت رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
پی وی سندھو نے اولمپک میں بھی میڈل جیت رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں