کوئی طاقت کشمیریوں کو ایل او سی عبور کرنے سے نہیں روک سکتی، راجا فاروق حیدر

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2019
وزیراعظم راجا فاروق حیدر کا چکوٹھی میں پرتپاک استقبال کیا گیا—فوٹو:طارق نقاش
وزیراعظم راجا فاروق حیدر کا چکوٹھی میں پرتپاک استقبال کیا گیا—فوٹو:طارق نقاش

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ عوام لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی دوسری جانب مظالم کے شکار اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی مدد کے لیے اسلام آباد اور مظفر آباد کی جانب سے اجازت کے منتظر ہیں۔

چکوٹھی میں بھارتی فوج کی شیلنگ کا نشانہ بننے والے مقامی افراد کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر نے کہا کہ 'مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی اور بہنیں زیر عتاب ہیں، جب وہاں ان کی راتیں بغیر نیند کے گزر جاتی ہیں تو ہم یہاں کیسے سکون کی نیند سو سکتے ہیں'۔

ایل او سی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'کوئی طاقت کشمیریوں کو یہ ناجائز لائن عبور کرنے سے نہیں روک سکتی'۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مسلسل یاد دلا رہے ہیں کہ وہ اپنے دیے ہوئے حقوق کے مطابق ان کی قسمت کا فیصلہ کریں۔

مزید پڑھیں:’کیا مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ 50 سال بعد کردار ادا کرے گا؟‘

انہوں نے کہا کہ 'ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے، حق خود ارادیت اور اب یہ گیند اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے کورٹ میں ہے'۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹیرینز کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کی معاون خصوصی کی موجودگی میں درد انگیز تقریر کرنے والے راجا فاروق حیدر نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ میں آخری سانس تک اپنے موقف پر قائم رہوں گا۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں اور سول سائٹی کی جانب سے ان کی تقریر کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ انہوں نے مودبانہ انداز میں کشمیریوں کی حکومت پاکستان سے وابستہ امیدوں کے حوالے ابہام کو دور کرنے کی کوشش کی۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور قبائلی عمائدین نے مظفر آباد کا دورہ کیا اور ریلیاں نکال کر کشمیریوں کا حوصلہ بڑھایا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: 'کشمیر میں کچھ ہوا تو بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے'

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 'مین اسٹریم میڈیا کی جانب سے ہمارے کاز کے لیے اس تاریخی وقت میں غیر معمولی کوریج دی جس پر میں ان کا مشکور ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام شہری اپنی مسلح افواج کے ساتھ دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'کوئی بھی فوج مقامی افراد کے تعاون کے بغیر نہیں لڑ سکتی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں عوام بھارتی فوج سے نفرت کرتے ہیں اور پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں'۔

ایل او سی میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی کے اطراف میں رہنے والے مقامی افراد کی بھارتی جارحیت کے خلاف قربانیوں کا ازالہ کسی طرح بھی الفاظ میں نہیں کیا جاسکتا۔

مزید پڑھیں:’کشمیریوں کو زندہ درگور کردیا گیا، اقوام متحدہ قراردادوں پر عملدرآمد کروائے‘

مقامی افراد کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'آپ اس خونی لائن میں جارحیت کو روکنے والا ہر اول دستہ ہیں اور مجھے پاک آرمی کے پروفیشنلزم اور اسپرٹ پر پورا اعتماد ہے جو بزدل دشمن کی ہر چال کو ناکام بنا دے گی'۔

قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا گڑھی دوپٹہ، ہٹیاں بالا، چناری اور دیگر گاؤں میں ہزاروں افراد نے پرتپاک استقبال کیا جہاں سے گزر کر وہ چکوٹھی پہنچے تھے۔

راجافاروق حیدر نے جہلم ویلی میں صحت سہولت کارڈ اسکیم کا بھی افتتاح کیا اور صحت انصاف کارڈ بھی تقسیم کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں