پاکستان، ایران نے زائرین کی سہولت کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2019
تفتان میں ایف سی آفیسرز میس میں منعقدہ اجلاس میں ایرانی و پاکستانی وفد نے زائرین کی سہولت کے لیے اہم فیصلے کیے — فائل فوٹو/ڈان نیوز
تفتان میں ایف سی آفیسرز میس میں منعقدہ اجلاس میں ایرانی و پاکستانی وفد نے زائرین کی سہولت کے لیے اہم فیصلے کیے — فائل فوٹو/ڈان نیوز

چاغی: پاکستان اور ایرانی حکام نے ایران میں مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے جانے والے افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ 'ہفتے کے روز تفتان میں ایف سی آفیسرز میس میں اجلاس منعقد کیا گیا جہاں دالبندین کے اسسٹنٹ کمشنر حبیب ناصر نے چاغی کے ڈپٹی کمشنر کی غیر موجودگی میں ان کی نمائندگی کی اور پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ایرانی وفد میں ایران کے شہر میرجاوے کے سینئر سرحدی حکام کرنل حیدر مریدی نے شرکت کی۔

اجلاس میں دونوں اطراف کے سیکیورٹی فورسز کے افسران، کسٹمز اور امیگریشن کے افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں زائرین کی بس پر فائرنگ، 2 ہلاک

اجلاس میں پاکستان سے ایران جانے والے زائرین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ محرم اور صفر کے مہینوں میں تفتان اور میرجاوے سرحد پر 20 خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں جہاں زائرین کو علیحدہ راستہ فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں جانب سے ایک ترجمان کو تعینات کیا جائے گا جبکہ پاکستان اور ایرانی حکام کے درمیان زائرین سے متعلق امور کے حل کے لیے رابطہ کرے گا۔

پاکستانی حکام نے مطالبہ کیا کہ جن زائرین کے سفر کے دوران مطلوبہ دستاویزات گم ہوجاتی ہیں انہیں ایمرجنسی سفری دستاویزات فراہم کیے جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک ایران سرحد پر ہزاروں زائرین پھنس گئے

ایرانی حکام نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے بہتر بسیں اور ایندھن کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ بھی اس حوالے سے اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے کسٹمز حکام موجود ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں