'دی ڈونکی کنگ' اسپین میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2019
دی ڈونکی کنگ پاکستان میں کامیاب ثابت ہوئی تھی — فوٹو/ اسکرین شاٹ
دی ڈونکی کنگ پاکستان میں کامیاب ثابت ہوئی تھی — فوٹو/ اسکرین شاٹ

جنوبی کوریا میں پذیرائی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی اینیمیٹڈ فلم 'دی ڈونکی کنگ' اب اسپین میں بھی دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔

سیاست پر مبنی عزیز جندانی کی اس مزاحیہ فلم کو پاکستان بھر میں بے حد پسند کیا گیا تھا اور اب اسپین میں اس فلم کو 50 اسکرینز پر ریلیز کیا جائے گا جبکہ تین مختلف زبانوں میں اس فلم کی نمائش ہوگی۔

واضح رہے کہ دی ڈونکی کنگ پہلی پاکستانی فلم ہے جو اسپین میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: چالاک لومڑی اور معصوم گدھے کی کہانی ’دی ڈونکی کنگ‘

اس حوالے سے عزیز جندانی کا کہنا تھا کہ 'ہم بےحد خوش ہیں کہ دی ڈونکی کنگ کو دنیا بھر میں پسند کیا جارہا ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اچھی کہانی اور اداکاری کے ساتھ فلم کو توجہ مل ہی جاتی ہے لیکن ہم یہاں رکیں گے نہیں، اسپین سے آگے جہاں اور بھی ہیں'۔

دی ڈونکی کنگ کا اسپین میں پریمیئر رواں سال 4 اکتوبر کو ہوگا۔

خیال رہے کہ ‘ڈونکی کنگ’ کی کہانی ‘آزاد نگر’ نامی جانوروں کی ایک سلطنت پر مبنی ہے، جس کے بادشاہ یعنی شیر ریٹائر ہوکر اپنی سلطنت کسی نئے بادشاہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

فلم کی کہانی اس وقت دلچسپ بن جاتی ہے، جب ایک گدھے کو سلطنت کے راجا کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔

گدھے کو ایک چالاک لومڑی اس عہدے کے لیے تجویز کرتی ہیں، تاہم گدھا سلطنت کا نیا راجا بننے کو تیار نہیں ہوتا۔

چالاک لومڑی کی جانب سے سمجھائے جانے کے بعد ہی گدھا راجا بننے کو تیار ہوجاتا ہے لیکن کہانی اس کے انتخاب کے گرد ہی گھومتی ہے اور اس دوران کئی دلچسپ واقعات سامنے آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلطنت کے نئے راجا کے انتخاب کی سیاست اور ‘ڈونکی کنگ’

تالسمان اسٹوڈیو کے بینر تلے ریلیز ہونے والی‘ڈونکی کنگ’ گزشتہ سال پاکستان بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس فلم میں جانوروں کے کرداروں پر کئی نامور اداکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

گدھے کی آواز پر جان ریمبو (افضل خان) چالاک لومڑی پر حنا دلپزیر نے آواز کا جادو جگایا ہے، جب کہ دیگر کرداروں کی آوازوں پر جاوید شیخ، فیصل قریشی اور غلام محی الدین سمیت دیگر اداکاروں نے صداکاری کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں