ایمی: بہترین ڈراما ہونے کے باوجود 'گیم آف تھرونز' امیدوں پر پورا نہ اتر سکا

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2019
گیم آف تھرونز کو 32 ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ
گیم آف تھرونز کو 32 ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ

شہرہ آفاق فنٹیسی ڈراما ’گیم آف تھرونز‘ نے امریکا میں ہونے والے مقبول ترین ایوارڈز ایمی کے لیے 32 نامزدگیاں حاصل کرنے کا ریکارڈ تو قائم کیا تھا تاہم 71ویں ایمی کی تقریب میں یہ سیریز اتنے ایوارڈز حاصل نہیں کرپائی جتنی امید کی جارہی تھی۔

اتوار کو امریکا میں منعقد ایمی ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں ہولی وڈ سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر کئی مقبول ڈراما سیریز کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'گیم آف تھرونز' کا ایمی ایوارڈز کی 32 نامزدگیاں حاصل کرنے کا ریکارڈ

فینٹسی سیریز 'گیم آف تھرونز' کو بھی اس تقریب میں مختلف حوالوں سے 32 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

8 سیزن پر مشتمل اس سیریز کو تقریب میں بہترین ڈراما کے ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پر گیم آف تھرونز کے پروڈیوسر ڈیوڈ بینؤف کا کہنا تھا کہ 'اس سیریز کی کامیابی میں سب سے بڑا کردار جارج آر آر مارٹن کا ہے، انہوں نے اس کی کہانی تحریر کی اور میں اس کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں'۔

'گیم آف تھرونز' کے کردار پیٹر ڈنکلیج نے بھی لگاتار چار سال بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔

پیٹر ڈنکلیج کو بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا
پیٹر ڈنکلیج کو بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا

البتہ مداحوں کو مایوسی اس وقت ہوئی جب ایمی کے بہترین اداکار و اداکارہ کے ایوارڈز کے لیے گیم آف تھرونز کے بجائے دوسری سیریز کے اداکار یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: گیم آف تھرونز کی نئی قسط میں کافی کے ایک کپ کا چرچا

بہترین اداکار کا ایمی ایوارڈ 'وین دے سی اس' نامی سیریز کے اداکار جیرل جیروم کے نام رہا۔

جبکہ بہترین اداکارہ کا ایمی ایوارڈ اداکارہ مشیل ولیم کو دیا گیا جنہوں نے 'فوز/ورڈن' نامی سیریز میں ایک ڈانسر کا کردار نبھایا۔

اداکارہ کو ایوارڈ قبول کرنے کے دوران کی گئی تقریر کے لیے بھی بےحد سراہا گیا، جب انہوں نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مرد اور خواتین کو برابر معاوضہ دینے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: ’گیم آف تھرونز‘ کے آخری سیزن کی پہلی قسط کا ریکارڈ

بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ فی بی والر بریج کے نام رہا، جن کی کامیڈی سیریز 'فلی بیگ' کو بہترین ہدایت کار کے ساتھ تین اور ایوارڈز دیے گئے، جن میں بہترین کامیڈی سیریز، بہترین کامیڈی سیریز اداکارہ اور بہترین لکھاری کا ایوارڈ شامل ہے۔

فلی بیگ کی اداکارہ و ہدایت کارہ فی بی والر بریج نے بھی سیریز کے لیے 4 ایوارڈ حاصل کیے
فلی بیگ کی اداکارہ و ہدایت کارہ فی بی والر بریج نے بھی سیریز کے لیے 4 ایوارڈ حاصل کیے

اس دوران بہترین ٹیلی ویژن مووی کا ایوارڈ بلیک مرر کے نام رہا جبکہ بلی پارٹر نے اپنی سیریز 'پوز' کے لیے بہترین ڈراما سیریز کے اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔

بلی پارٹر کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا
بلی پارٹر کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا

ایمی ایوارڈز کی مکمل فہرست یہاں دیکھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں