کراچی میں 3 روز سے جاری شدید گرمی کے بعد مختلف علاقوں میں بارش

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2019
اس سال ستمبر کے آخر میں بارش شہر قائد  کے لیے غیر معولی بات ہوگی — فائل فوٹو: ثوبیہ شاہد
اس سال ستمبر کے آخر میں بارش شہر قائد کے لیے غیر معولی بات ہوگی — فائل فوٹو: ثوبیہ شاہد

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں گزشتہ چند روز سے جاری شدید گرمی کی لہر کے بعد بدھ اور جمعرات کو ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا تھا تاہم پیر (آج) ہی سہ پہر میں شہر کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ کہی ہلکی اور کہی تیز بارش شروع ہوگئی۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ملیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

بارش کے باعث شہر میں گرمی کا زور کچھ حد تک کم ہوگیا جبکہ مضافاتی علاقے حب میں تیز ہوائیں چلنے کے باعث درخت اکھڑگئے اور گلشن اقبال میں سوک سینٹر پر نصب شیڈ گرگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے 21 سے 23 ستمبر تک کراچی میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا تھا اور گرمی کا یہ سلسلہ مزید ڈیڑھ سے 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سمندر سے چلنے والی ہواؤں کی بدولت کراچی میں موسم معتدل رہتا ہے لیکن بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں کراچی کی ہوا متاثر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں شدید گرمی، آئندہ 3 دن ہیٹ ویو کی وارننگ

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 26 ستمبر (بدھ اور جمعرات کے روز) شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے تاہم موسم کا حال بتانے والے دیگر ذرائع کا کہنا تھا کہ شہر میں آئندہ 2 روز میں ہلکی اور کچھ علاقوں میں نسبتاً تیز بارش کا امکان ہے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس وقت بحیرہ عرب میں سائیکلون سے بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث شہر میں سمندری ہوا معطل ہے اور فضا میں نمی کے سبب گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہورہی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ مذکورہ سائیکلون کے عمان سے ٹکرانے کے بعد شہر میں بدھ کے روز سے سمندری ہوا بحال ہونے کا امکان ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔

کراچی میں پیر کی صبح بھی شدید حبس اور گرمی کا راج رہا اور درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب پیر کو شہر کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے فضا میں عجیب سی بو محسوس ہونے کی بھی شکایات کیں تاہم اس کی وجہ کا علم نہ ہوسکا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار

خیال رہے کہ شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر بلدیہ کراچی کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

اس کے ساتھ حکومت سندھ نے بھی کراچی میں 21 سے 24 ستمبر تک ہیٹ ویو کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی وارڈ کے قیام اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

کراچی میں عموماً مون سون کی بارشیں اگست کے مہینے میں اختتام پذیر ہوجاتی ہیں تاہم اس سال ستمبر کے آخر میں بارش شہر قائد کے لیے غیر معولی بات ہوگی۔

قبل ازیں شہر قائد میں جولائی اور اگست کے دوران خوب کھل کر مون سون بارشیں برسی تھیں جس سے نہ صرف شہر میں زیرِ زمین پانی کی سطح بلند ہوئی بلکہ شہر بھی ہرا بھرا ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں