پی آئی اے کے ریونیو میں 41 فیصد تک اضافہ

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2019
پی آئی اے نے تاجر برادری کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کردیے ہیں—فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز
پی آئی اے نے تاجر برادری کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کردیے ہیں—فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد محمود ملک نے کہا ہے کہ 6 ماہ کے عرصے میں قومی ایئر لائن کا ریونیو 41 فیصد تک بڑھ گیا۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے سی ای او کا کہنا تھا کہ بروقت صحیح اقدامات کرنے سے پی آئی اے کی مالی صورتحال بہت بہتر ہوچکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 2 ماہ کے دوران پی آئی اے میں مزید طیارے شامل کیے جائیں گے اور آئندہ 3 برسوں کے دوران طیاروں کی تعداد میں اضافے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی مسافروں کے بغیر 46 پروازیں، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے لیے اپنی پرواز کھول دی ہے اور جلد ہی دبئی جانے والی پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں بیرونی تجارت کو فروغ دینے کے لیے بہت سے اقدامات کیے جارہے ہیں اور گارگو سمیت دیگر سروسز بہتر بنائی جارہی ہیں۔

اس کے علاوہ پی آئی اے نے تاجر برادری کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کردیے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کے بیڑے میں 2023 تک 12 نئے طیارے شامل ہوں گے، سی ای او

سی ای او پی آئی اے نے مزید کہا کہ بیرون ملک پروازوں پر قومی ایئر لائن مسافروں کی سروس فیس میں 5 فیصد جبکہ تاجر برادری کے لیے اس مد میں 7 فیصد کی رعایت دے گی۔

خیال رہے کہ اس وقت پی آئی اے فلیٹ میں 12، 777 طیارے فعال ہیں اور کارگو کی گنجائش میں بھی 80 فیصد اضافہ کیا گیا جس سے ایئر لائن کو خسارہ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔


یہ خبر 24 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں